نواز لیگ کی حکومت نے5 سال عوام کے ساتھ ظلم کیا ،شعیب صدیقی

نواز لیگ کی حکومت نے5 سال عوام کے ساتھ ظلم کیا ،شعیب صدیقی

لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے پی پی157سے امیدوار صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ غریبوں کے فلاحی منصوبوں سے اپنی جیبیں بھرنے اور پیسے کھانے والوں کو ووٹ نہیں بد دعائیں ملیں گی ،شریف برادران اللہ کی پکڑ میں آچکے ہیں ،ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور25جولائی ان سب کا یوم حساب ہوگا ، شعیب صدیقی نے صوبائی حلقے پی پی157کے مختلف علاقوں میں پارٹی رہنماؤں فاروق ڈوگر ،جواد چوہدری ،صابر بٹ ،منظور غوری ،نواز گجر ،ناصر ڈوگر ،بلا چوہان اور ڈاکٹر جمیل کی طرف سے منعقدہ کارنر میٹنگزاور جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ کی حکومت نے5 سال عوام کے ساتھ ظلم کیا ،2007میں عبدالعلیم خان کی کاوشوں سے منظور ہونے والے میاں میر ہسپتال کو10سال دانستہ طور پر التوا میں رکھاگیا ، علاقے کے مکین پینے کے صاف پانی سے محروم رہے۔

،جمیلہ آباد سیوریج منصوبہ جان بوجھ کر فنکشنل نہیں کیا گیا اور من مانے پراجیکٹ دکھاوے کیلئے شروع کر کے بھاری رقوم خرد برد کی گئیں،شعیب صدیقی نے کہا کہ انشاء اللہ اب عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو بھرپور مینڈیٹ ملے گا۔دریں اثناء تحریک انصاف کے پی پی157سے امیدوار صوبائی اسمبلی محمدشعیب صدیقی انتخابی مہم کے آغاز میں ہی تیزی لے آئے ہیں اور نواز لیگ کے اہم رہنما ملک امانت جاوید سمیت مختلف رہنماؤں نے اُن سے ملاقات کر کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کااعلان کر دیا ہے شعیب صدیقی نے اپنے حلقے کے مختلف علاقوں کا دورہ ، انتخابی دفاتر کے افتتاح اور کارنر میٹنگز میں حصہ لیا ،انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں لاہور سے 2مرتبہ پنجاب اسمبلی میں نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور اب پی پی157سے جیت کر ہیٹرک کریں گے اور عمران خان کے نمائندے کی حیثیت سے زندہ دلان لاہور کی ترجمانی کریں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4