توانائی کی بچت کرنا ، پانی ضائع ہونے سے بچانا ہمارا فرض ہے ، ڈاکٹر شہریار
لاہور(جنرل رپورٹر) ایک صحت مند نوجوان نسل سے ہی بہترین معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ پاکستان ہمارا گھر ہے لہٰذا اسے صاف ستھرا رکھیں۔ آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں۔ توانائی کی بچت کریں اور پانی کو ضائع ہونے سے بچائیں۔ ان خیالات کااظہار ممتاز ماہر امراض قلب ڈاکٹر شہریار احمد نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے چھٹے روز طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر معروف ماہر قانون پروفیسر ہمایوں احسان، شاہد رشید اور پروفیسر ڈاکٹر پروین خان بھی موجود تھے۔ڈاکٹر شہریار احمد نے کہا کہ نئی نسل ہی اس ملک کا مستقبل ہے اور یہاں موجود بچوں کی صلاحیتوں اور اعتماد کو دیکھ کر مجھے یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل بہت روشن اور شاندار ہے۔ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں کیونکہ تندرستی ہزار نعمت ہے۔ اپنی خوراک پر توجہ دیں فاسٹ فوڈ اور انرجی کولڈ ڈرنکس کا مسلسل استعمال صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ آج کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور موبائل فون کے بے جا استعمال سے نئی نئی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ آپ اپنی زندگی کاایک مقصد بنا ئیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائیں۔
، اپنے ہاتھ اور دانت کو صاف ستھرا رکھیں ۔ پروفیسر ہمایوں احسان نے کہا کہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے جہد مسلسل کی ضرورت ہوتی ہے۔ نئی نسل اپنی مکمل توجہ تعلیم پر دے اور پڑھ لکھ کر ملک کی تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ ذہین طلباوطالبات، محنتی اساتذہ اور پرجوش جذبوں کی موجودگی میں اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ قائداعظمؒ قانون پسندانسان تھے عظیم اور انہوں نے پوری زندگی کبھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔ ایکدوسرے کا خیال رکھ کر ہی قومیں عظیم بنتی ہیں۔