پی یواورینٹل کالج کے زیر اہتمام مشتاق احمد یوسفی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

پی یواورینٹل کالج کے زیر اہتمام مشتاق احمد یوسفی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

لاہور(پ ر)معروف تجزیہ نگارو سینئر صحافی عطاء الحق قاسمی نے مشتاق احمد یوسفی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ عہد حاضر کے معروف مزاح نگارتھے جو موت کے بعد بھی اپنی تحریروں کے ذریعے ہمیں نظر آتے رہیں گے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ اور اورینٹل کالج کے زیر اہتمام انڈر گریجوئیٹ سٹڈی سنٹر کے کمیٹی روم میں مشتاق احمدیوسفی کی یادمیں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطا ب کر رہے تھے۔ تقریب میں ڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، پرنسپل اورینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹرمحمد فخر الحق نوری، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، صدر اکیڈمک سٹا ف ایسو سی ایشن ڈاکٹر محبوب حسین،چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی، ڈاکٹر محمد کامران، پروفیسر ڈاکٹر زاہد منیر عامر، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے ڈاکٹر اشفاق احمد ورک ، سینئر فیکلٹی ممبران و دیگر نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ مشتاق احمدیوسفی نے بہت نام اور عزت کمائی ہے انہوں نے ایلیٹ کلاس میں ہونے کے باوجود غریب عوام کے بارے بہت کچھ تحریر کیا ۔ ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے کہا کہ مشتاق احمد یوسفی اردو کے صاحب طرز ادیب تھے جن کی تصانیف کو بار بار پڑھنے کو دل کر تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی رائے میں اعتدال کو فروغ دینے کیلئے بھی ہمیں یوسفی صاحب کی تصانیف کو پڑھنا چاہیے۔

ڈاکٹر فخر الحق نوری نے کہا کہ ہم اردو مزاح کے عہد یوسفی میں جی رہے ہیں جو ان کی وفات کے بعدبھی ختم نہیں ہوا بلکہ اس میں ایک نیا موڑ آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسفی صاحب عمدہ لکھاری تھے جو اپنی نثر کو بار بار اور باریک بینی سے پرکھتے تھے۔ ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ مشتاق یوسفی کی تحریروں نے نہ صرف اردو زبان کو محبت اور وقار بخشا بلکہ کئی مردہ لفظوں کو بھی زندگی دی ہے ۔ ڈاکٹر زاہد منیر عامر نے کہا کہ مشتاق یوسفی کی تحریروں میں بہت مٹھاس ہے کیونکہ وہ غیر معمولی طور پر دیانت دار مصنف تھے۔ ڈاکٹر اشفاق ورک نے کہا کہ مشتاق یوسفی مزاح ،نثر اور انشاء برداری میں اپنا مقام رکھتے ہیں۔

پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار ساؤتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام سیمینارآج ہوگا

لاہور( 27جون،بدھ):پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار ساؤتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام ’مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی ‘ کے موضوع پر سیمینار بروز جمعرات (آج) صبح11:30بجے سنٹر کے سیمینار ہال میں ہوگا جس میں سابق سفیر اور صدر لاہورکونسل فار ورلڈ افیئرز جاوید حسین اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4