اشتہارات پر قرآنی آیات درج کرنیوالا پرنٹنگ پریس سیل کریں گے،کیپٹن(ر) انوارا لحق
لاہور (جنرل رپورٹر):ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق نے لاہور کے پبلشرز اور پرنٹرز سے ملاقات کی ۔ محمد عرفان،محمد امجد،محمد حیدر اور دیگر پرنٹرز اینڈ پبلشرز نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز اظہر گجر اور اے ڈی سی آر طاہر فاروق بھی موجود تھے ۔اس موقع پر ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا کہ امیدواروں اور سیاسی پارٹیوں کے پوسٹرز،ہینڈ بل،بینرز ، پوٹریٹ اور پمفلٹس پر پرنٹرز اور پبلشرز کا نام درج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قر آنی آیات اوراحادیث رسول اور دیگر مذاہب کے اقوال کو پوسٹرز ،ہینڈ بل،بینرز، پوٹریٹ اور پمفلٹس پر درج نہ کیا جائے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ پوسٹرز، پمفلٹس ،بینرز اور پوٹریٹ کی چھپائی الیکشن کمیشن سے منطور شدہ سائز کے مطابق ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تین ہزار پبلشرز اور پرنٹرز کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور مانیٹرنگ افسران فیلڈ میں الیکشن کے حوالے سے پرنٹنگ اورپبلشنگ کے مقامات کو چیک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پرنٹنگ اینڈ پبلشنگ کے ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے پر کارروائی ہوگی اور خلاف ورزی پر پرنٹنگ اور پبلشنگ پریس کو سیل کیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن کے عہدہ داروں نے ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کیا جائے گا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا کہ میانی صاحب قبرستان میں احاطوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور نے میانی قبرستان میں احاطوں کے خلاف ساتویں روز آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 430احاطوں کو مسمار کر دیا گیا ہے اور احاطوں کی مسماری کا 90فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ اے سی سٹی عبداللہ خرم نیازی مسلسل میانی صاحب قبرستان میں آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر