جماعت اسلامی،پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ کے رہنماؤں کی پی ٹی آئی میں شمولیت

جماعت اسلامی،پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ کے رہنماؤں کی پی ٹی آئی میں شمولیت

لاہور(نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف کے این اے129سے امیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا کہ ووٹ لینا تو درکنار،نواز لیگ میں عوام کا سامنا کرنے کا حوصلہ نہیں ،باشعور عوام نے چوروں اور لٹیروں کے خلاف طبل جنگ بجا دیا ہے ، پانچ سال سرکاری خزانے کو لوٹنے والوں کے خلاف مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور25جولائی کاغذی شیروں کا یوم حساب ثابت ہوگا،عبدالعلیم خان نے این اے129کے مختلف علاقوں دوگیج ٹاؤن، والٹن ،لاہور کینٹ اور ملحقہ علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکس کے شیر ڈھیر ہو چکے ہیں ان کے ڈبے خالی نکلیں گے اور لاہور شہر کے ہر حلقے میں بلا کامیاب ہوگا۔

،انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی ملک و قوم کا تابناک مستقبل ہے ،گزشتہ روز بھی جماعت اسلامی ، پیپلز پارٹی اور ن لیگی رہنماؤں نے این اے129سے تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اورپی ٹی آئی میں شامل ہونے کااعلان کر دیا،ان میں جماعت اسلامی کے سابق کونسلر ذو الفقار خان ،نواز لیگ کے رہنما عادل شیخ اور سابقہ ناظم افضل جج ،محمد نواز جدون اور احسان خان او ر پیپلز پارٹی کے عبدالستار گڈی،آزاد امیدواراظہر انصاری اور ظفر بھٹی شامل ہیں ،ان شامل ہونے والے رہنماؤں نے عمران خان کی قیادت پر غیر مشروط اعتماد کا اظہار کیا اور این اے129میں عبدالعلیم خان ، شعیب صدیقی و دیگر پارٹی رہنماؤں کی بھرپور سپورٹ کرنے کا وعدہ کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1