زیر زمین پانی کے اثاثے کو آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ بنایا جائے،آمنہ عمران

زیر زمین پانی کے اثاثے کو آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ بنایا جائے،آمنہ عمران

لاہور(سٹی رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ زیر زمین پانی کے اثاثے کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ بنانے کی خاطر جامع منصوبہ بندی کے ساتھ کام کیاجائے۔نہری پانی کو صاف کر کے قابل استعمال بنانے کے لئے پلانٹ نصب کرنے کا منصوبہ بروقت مکمل کیا جائے۔پانی کاضیاع روکنے کے لئے شہریوں میں شعور اجاگر کیاجائے اور اس کی زیر زمین سطح میں کمی روکنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں‘پانی کی سطح میں بہتری کے لئے واٹر ہارویسٹنگ شروع کی جائے‘نئی رہائشی سکیموں کی ٹاؤن پلاننگ کے دوران واٹر پلاننگ پر خصوصی دی جائے اور ان سکیموں کو پانی کا ذخیرہ کرنے کا پابند بنایاجائے۔انتخابات کے دوران پولنگ سٹیشنوں اور ان کے نواحی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گزشتہ روز واسا ہیڈ آفس کے دورے کے دوران اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ رہائشی سکیموں کو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی ہدایت کی جائے اور واسا کے علاوہ دیگر اداروں اور افراد کی طرف سے نصب کئے جانے والے ٹیوب ویلوں کو ریگولیٹ کرنے کے لئے قوانین وضع کئے جائیں۔ اجلاس کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیز نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو واسا کے انتظامی ڈھانچے ‘ترقیاتی سکیموں‘ فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں اور آپریشنز اینڈ مینٹی نینس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور واسا کی گزشتہ سالوں کی کارکردگی‘آئندہ اہداف اور نظام میں اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پرلاہور میں پانی کی فراہمی کی موجودہ صورتحال‘ آئندہ انتظامات اور واسا کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ڈاکیو مینٹری بھی دکھائی گئی اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو مون سون ہواؤں کے انتظامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

آمنہ عمران

مزید : میٹروپولیٹن 1