کینیڈاکے اونٹیریوچیمبراور لاہور چیمبرمیں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کینیڈاکے اونٹیریوچیمبراور لاہور چیمبرمیں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور (کامرس رپورٹر) اونٹیریو چیمبر اور لاہور چیمبر نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے دونوں چیمبرز باہمی تجارت کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ اونٹیریو چیمبر کے صدر روکو روسی اور لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ دونوں چیمبرز کے درمیان معاہدے کا آئیڈیا لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید کا تھا جو پاکستان اور کینڈا کے درمیان وسیع تجارتی تعاون کے خواہشمند اور کوششیں کررہے ہیں۔ اونٹیریو چیمبر کے صدر روکوروسی نے کہا کہ پاکستان اور کینڈا کے درمیان تجارت کو وسیع پیمانے پر فروغ دینے کی گنجائش ہے، پاکستان باصلاحیت ملک اور کینڈا کے تاجروں کے لیے خصوصی کشش کا سبب ہے۔ خواجہ خاور رشید نے کہا کہ کینڈا اور پاکستان کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں جبکہ کینڈا نے ہمیشہ معاشی ترقی کے لیے پاکستان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کینڈا کے ساتھ تجارت کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، یہ بات خوش آئند ہے کہ دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھ رہا ہے۔

لیکن ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے باہمی تجارت کو برابری کی سطح پر لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید : کامرس