چیئرمین واپڈا مزمل حسین کا پاکستان واپڈا فاؤنڈیشن کا دورہ

چیئرمین واپڈا مزمل حسین کا پاکستان واپڈا فاؤنڈیشن کا دورہ

لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے آج پاکستان واپڈافاؤنڈیشن اور فاؤنڈیشن کے زیر انتظام لاہور میں واقع ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر انجینئرنگ سروس یونٹ کا دورہ کیا ۔اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا ملازمین کی استعدادِ کار میں اضافہ کے لئے دورانِ ملازمت ترقی کے مواقع اور ملازمین کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے ۔ اِن اقدامات کا مقصد واپڈا جیسے قومی ادارے کی افرادی قوت کو مؤثر بنا کر ملک میں پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل ہے ۔تاکہ واپڈا اپنے شاندار ماضی کی طرح ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے ۔ اُنہوں نے کہا کہ واپڈا اپنے ملازمین کی بہتری کے لئے کئی ایک اقدامات عمل میں لارہا ہے جن میں افرادی قوت کی ترقی کی پالیسی پر نظر ثانی ، واپڈا ملازمین کے لئے واپڈا ہاؤسنگ سکیم ، واپڈا میڈیکل کالج اور واپڈا انجینئرنگ یونیورسٹی کا قیام ، ملازمین کے علاج معالجہ کے نظام میں جدت اور تعلیمی اداروں کی اَپ گریڈیشن شامل ہیں ۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پاکستان واپڈا فاؤنڈیشن اپنے بنیادی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ واپڈا ملازمین کی فلاحی سکیموں پر عملدرآمد میں بھی سرگرمی کے ساتھ کردار ادا کررہی ہے ۔ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر انجینئرنگ سروس یونٹ کے دورے کے موقع پر چیئرمین واپڈا نے ٹرانسفارمر ز کی مرمت اور بحالی کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا ۔ ملازمین سے گفتگو کے دوران اُنہوں نے متعلقہ آفیسرز کو ہدایت کی کہ واپڈا فاؤنڈیشن کے وہ ملازمین جو طویل عرصہ سے ڈیلی ویجز کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں ، قواعد کے مطابق اُنہیں مستقل کرنے کے لئے کیس تیار کرکے اتھارٹی کی منظوری کے لئے بھجوایا جائے ۔

اُنہوں نے فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ فاؤنڈیشن کی ورکشاپ اور پیٹرول پمپس پر سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔قبل ازیں چیئرمین واپڈا کو بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ پاکستان واپڈا فاؤنڈیشن 1982 ء میں قائم کی گئی اور تب سے فاؤنڈیشن واپڈا اور پاور سیکٹر کی کمپنیوں کو اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے ۔ فاؤنڈیشن یہ خدمات لاہور میں واقع پاور ٹرانسفارمر ورکشاپ ، لاہور ، نوشہرہ اور سکھر میں قائم تین ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر ورکشاپس، لاہور اور فیصل آباد میں موجود دو Base ورکشاپس اور لاہور ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، پشاور ، ڈیرہ اسماعیل خان ، ملتان اور حیدرآباد میں واقع آٹھ پٹرول پمپس کے ذریعے مہیا کرتی ہے۔چیئرمین واپڈا کے دورے پر پاکستان واپڈا فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر، چیئرمین واپڈا کے پرنسپل سٹاف آفیسر اورجنرل منیجر(ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ) واپڈا بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔

مزید : کامرس