آئندہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے‘ ویمن چیمبر

آئندہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے‘ ویمن چیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر ) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے نگران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے کیونکہ اس کے منفی اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں اور صنعتکاروں کی پیداواری لاگت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔گزشتہ روز ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رہنماء و سابق صدر شازیہ سلیمان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل ہر ماہ اضافہ صنعت، تجارت اور زراعت سمیت تمام شعبہ جات کو بْری طرح متاثر کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ پٹرول صنعت و زراعت کے لیے خام مال کا درجہ رکھتا ہے اور اس کی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت میں مزید اضافہ ہوجائے گا جو پہلے ہی بہت زیادہ ہے۔شازیہ سلیمان نے کہا کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں تو اس کا اضافہ صارفین کو منتقل کرنے کے بجائے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیوٹیاں اور ٹیکس کم کیے جائیں۔

انہوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے کیونکہ موجودہ معاشی حالات اس کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس اضافے کا فوری طور پر نشانہ صنعتی شعبہ بنے گا کیونکہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں اضافہ، خام مال اور تجارتی اشیاء کی نقل و حمل مہنگی ہوجائے گی جس سے عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت میں کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے مذید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں میں اضافے کا بھی خدشہ موجود ہے

مزید : کامرس