عید الفطر پرشاندار بزنس ’’ سات دن محبت ان ‘‘ سب سے کامیاب
لاہور(فلم رپورٹر)عید الفطر پررومانس اور کامیڈی سے بھرپور ’’ سات دن محبت ان ‘‘ کا جادو چل گیا، پہلے ہفتے میں 8کروڑ سے زائد کا بزنس کر لیا۔ورسٹائل فنکار جاوید شیخ کی ڈائریکشن میں بنی ’’ وجود ‘‘ 2 کروڑ سے زائد آمدن کے ساتھ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ۔ خوشیوں کے تہوار عید الفطر پر پاکستانی فلمی صنعت کی جانب سے نمائش کیلئے پیش کی گئی فلمیں شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کرنے میں کامیاب رہی ہیں ۔ ٹریڈ حلقوں کے مطابق ڈائریکٹر جوڑی مینو فرجاد کی پیشکش ’’ سات دن محبت ان ‘‘ ماہرہ خان اور شہریار منور کی بہترین آن سکرین کیمسٹری کے باعث عید دنگل با آسانی جیتنے میں کامیاب رہی ہے ۔ فلم نے ریلیز سے قبل ہی رواں برس ایڈوانس بکنگ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا تھا جبکہ توقعات کے مطابق عید کی چھٹیوں اور بعد ازاں شروع ہونے والے ہفتے میں بھی ’’ سات دن محبت ان ‘‘ نے باکس آفس پر بہترین پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے ۔ فلم نے اب مجموعی طور پر آٹھ کروڑ سے زائد کما لئے ہیں اور فیملیز کی بڑی تعدادفلم سے لطف اندوز ہونے کیلئے دوبارہ سنیما گھروں کا رخ کر رہی ہے ۔
فلمی حلقوں کے مطابق رومانس اور کامیڈی سے بھرپور فلم میں جاوید شیخ ، میرا سیٹھی ، حنا دلپذیر اور آمنہ الیاس کے منفرد کردار شائقین کو بہت پسند آئے جس کی وجہ سے فلم عید الفطر پر شائقین کی پہلی پسند بنی رہی ۔ دوسری جانب بھارتی فلموں کی عدم موجودگی کے باعث ریلیز ہونے والی دیگر پاکستانی فلموں نے بھی بہترین بزنس کیا جن میں ایکٹر ، ڈائریکٹر جاوید شیخ کی ’’ وجود‘‘کی کمائی ڈھائی کروڑ سے زائد رہی ۔