نئی فلم ’’جیک پاٹ‘‘ کی لانچنگ تقریب،کاسٹ کی شرکت

نئی فلم ’’جیک پاٹ‘‘ کی لانچنگ تقریب،کاسٹ کی شرکت
نئی فلم ’’جیک پاٹ‘‘ کی لانچنگ تقریب،کاسٹ کی شرکت

  

لاہور(فلم رپورٹر)اورئنٹل فلم کی نئی پروڈکشن’’جیک پاٹ‘‘ کی لانچنگ گزشتہ رات گریٹر اقبال پارک میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں ہوئی جس میں فلم کی کاسٹ کے علاوہ ہدایتکار سید نور،ذوالفقار علی مانا،جونی ملک اور چوہدری اعجازکامران سمیت بہت سے افراد نے شرکت کی۔ اداکار نور حسن،صنم چوہدری ،عدنان شاہ ٹیپو،فائزہ خان،عنایت خان،جان ریمبو،ساجن عباس،سنو ڈینجرس اور گلوکار امانت علی کا کہنا تھا کہ’’جیک پاٹ‘‘ ایک تقریحی فلم ہے جسے ہر طبقہ پسند کرے گا۔چوہدری ریاض کے صاحبزادے خرم ریاض جن کا شمار ٹی وی ڈراموں کے معروف پروڈیوسرز میں ہوتا ہے انہوں نے اورینٹل فلمز کے بینر تلے نوجوان ڈائریکٹر شعیب خان کے ساتھ مل کرمیگا بجٹ فلم ’’جیک پاٹ‘‘ بنائی ہے۔ جس میں سنیئر اداکا ر جاوید شیخ، ثناء ، فائزہ خان،نور حسن، عنایت خان، اسماعیل تارا ، عدنان شاہ ٹیپو، صنم چوہدری اور ریحانہ ملہوترا سمیت کئی نامور سٹارزشامل ہیں۔ یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جس کے گانے اورسین تھائی لینڈ کے فوکھٹ جزیرے، جیمز بانڈ اور کورل آئس لینڈ میں پکچرائز کئے گئے ہیں۔ اس میوزیکل اور کامیڈی فلم کے رائٹر بابر کشمیری ، میوزک ڈائریکٹر نوید واجد علی ناشاد اور کوریوگرافر سونو ڈینجرس ہیں۔اس بارے میں پروڈیوسرخرم ریاض نے بتایا کہ فلم میکر کے لئے ضروری ہے کہ وہ فلم بینوں اور مارکیٹ کو ذہن میں رکھ کر فلم بنائے، میں ایک ایسی کمرشل فلم بنانا چاہتا تھا جس کی کہانی ، ڈائریکشن ، پروڈکشن کے ساتھ اس کا میوزک بھی لاجواب ہو۔

پچھلے چند سالوں سے جو فلمیں بن رہی ہیں ان میں سے کوئی بھی ایسی قابل ذکر فلم نہیں کہ جس کے گانے مقبول ہوئے ہوں۔اداکارہ صنم چوہدری نے کہا کہ فلم اور ٹی وی ڈرامہ میں زمین آسمان کا فرق ہے ، اچھی بات یہ ہے کہ چند سالو ں میں فلم انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہے۔فلم کرنا تو ہر فنکار کا خواب ہوتا ہے میں کسی ایسے فلمی پراجیکٹ کی متلاشی تھی۔اداکار نور حسن نے کہا کہ فلمیں تو بہت بن رہی ہیں مگر ایمانداری سے کہنا چاہوں گاکہ ’’جیک پاٹ‘‘ کے ذریعے ڈیبیو کرنا میری خوش قسمتی ہے۔ شعیب خان نے جس طرح سے ٹی وی انڈسٹری میں اپنی ایک الگ شناخت بنائی اسی طرح وہ ایک کامیاب فلم ڈائریکٹر بھی ثابت ہوں گے کیونکہ وہ فلم اور ٹی وی کے فرق کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔انہوں نے ایک ایک سین کو بڑی محنت اور مہارت سے شوٹ کیا ہے جو ان کی پیشہ وارانہ صلاحیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ ’’جیک پاٹ‘‘ حقیقی معنوں میں فلم ہے جس کا ہر سین فلم بینوں کو اپنے سحر میں گرفتار کرلے گا۔اداکار عنایت خان نے کہا کہ فلم میں اداکارہ ریحانہ ملہوترا کے ساتھ پیئر ہے اور ہم پر فلمایا گیا گیت’’ہے نیا نیا‘‘کا ٹیزر سوشل میڈیا پر پسند کیا جارہا ہے۔ یہ فلم پاکستان فلم اور سینما انڈسٹری کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔ ایسی فلمیں ہی فلم انڈسٹری کے بحران کو ختم کرنے کے ساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنا آپ منوا سکتی ہیں۔جان ریمبو اور عدنان شاہ کا کہنا تھا کہ شائقین کو پاکستانی فلموں کی سپورٹ کرنی چاہیئے جس سے ہماری انڈسٹری کو فائدہ پہنچے گا۔اس موقع پر فلم کا ٹریلر بھی دکھایا گیا جسے بہت پسند کیا گیا۔

مزید : کلچر