زلفی بخاری بلیک لسٹ کیس ،وزارت دفاع کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم
اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے سے متعلق کیس میں وزارت دفاع کو پیر تک تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا‘ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کو تحریری جواب کے ساتھ پیش ہونا چاہئے تھا۔ بدھ کو زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ وزارت دفاع کا نمائندہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوا جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ پرائیویٹ جہاز فوجی ایئربیس پر کیسے اترا نمائندہ وزارت دفاع نے جواب دیا کہ مجھے پیشی کی رات پتہ چلا اور پٹیشن کی کاپی بھی نہیں ملی۔ عدالت نے وزارت دفاع کے نمائندے پر اظہار برہمی کیا جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کو تحریری جواب کے ساتھ پیش ہونا چاہئے تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سرکاری کاموں میں اس طرح کی تاخیر نہیں ہونی چاہئے آپ کو باقی فریقین کا خیال رکھنا چاہئے تھا۔ یہ لوگ یہاں مذاق نہیں بلکہ قانون کے احترام میں پیش ہوتے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ نیب کی درخواست نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تھی بلیک لسٹ میں کیوں ڈالا۔ نمائندہ وزارت دفاع نے بتایا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے والی سب کمیٹی موجود نہیں تھی عدالت نے استفسار کیا کہ سب کمیٹی نہیں ہوگی تو آپ نام کہیں بھی ڈال دیں گے وکیل نے بتایا کہ زلفی بخاری آٹھ سال سے برطانوی پاسپورٹ پر سفر کرتے ہیں عدالت نے وزارت دفاع کو پیر تک تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔