سری لنکا نے کالی آندھی کوٹیسٹ میچ میں 4وکٹوں سے ہرا دیا

سری لنکا نے کالی آندھی کوٹیسٹ میچ میں 4وکٹوں سے ہرا دیا

برج ٹاؤن(نیٹ نیوز)سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر رہی، آئی لینڈرز نے 144رنز کا ہدف میچ کے چوتھے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا ہولڈر میچ اور شین ڈورچ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

برج ٹاؤن میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکن ٹیم نے 81رنز 5کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو کوسل مینڈس 25 اور دلروون پریرا ایک رن پر کھیل رہے تھے اور آئی لینڈز کو فتح کیلئے مزید 63رنز درکار تھے، دن کے پہلے ہی اوور میں ہولڈر نے کوسل مینڈس کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، مینڈس 25رنز بنا سکے، اس موقع پر کوسل پریرا اور دلروون پریرا کالی آندھی کے باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ میں 63رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، اسطرح ویسٹ انڈیز کا سیریز جیتنے کا خواب ادھورہ رہ گیا، پریرا 28اور دلروون پریرا 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ہولڈر نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کیمر روچ نے ایک وکٹ لی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی