مال روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر تجارت کے خاتمہ کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے

مال روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر تجارت کے خاتمہ کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے

لاہور(کرائم رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر بی اے ناصر نے چیف ٹریفک آفیسر لاہور کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے ایس پی ٹریفک صدر ڈویژن سردار محمدآصف خاں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔سی سی پی اونے سینئر ٹریفک افسران کے ہمراہ سی ٹی او آفس کی تمام برانچوں کا بھی وزٹ کیا اور سٹاف سے ان کی ورکنگ کے بارے میں بریفنگ لی۔بعدازاں کیپٹن (ر)لیاقت علی ملک نے سی سی پی او کو سٹی ٹریفک پولیس کی کارکردگی،ٹریفک وارڈنز کے سروس سٹریکچر،ڈرائیونگ لائسنس کے طریقہ کار،ANPR کیمروں کی مدد سے ٹیسٹ چلاننگ،ڈیجیٹل چلاننگ، راستہ ایپ،ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم ،سٹی ٹریفک پولیس ریڈیو کی ورکنگ ،روڈ سیفٹی یونٹ کی کارکردگی ،ویجیلینس سیل سمیت دیگراہم ایشوز بارے مفصل بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا سٹی ٹریفک پولیس کی راستہ ایپ شہریوں کیلئے ایک تحفہ ہے،سڑکوں پر ٹریفک کی تازہ ترین صورت حال بارے جاننے کے ساتھ ساتھ سٹی ٹریفک پولیس بارے کسی بھی قسم کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ڈرائیونگ لائسنس کے طریقہ کار کو انٹرنیشنل معیار پر لایا جا رہا ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی بالادستی اور شہریوں کے محفوظ سفر کیلئے شہریوں کی شمولیت کو ہر فورم پر یقینی بنا یا جا رہا ہے۔شہریوں اور پولیس کے درمیان خلاء کو پر کرنے کیلئے شروع کئے جانے والے"پولیس امیج امپرومنٹ پروگرام" بارے میں بھی بریف کیا۔انہوں نے کہاکہ ماڈل روڈ سمیت تمام اہم اور مصروف شاہرراہوں پر تجاوزات کے خاتمہ کیلئے وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کے حادثات سے پاک اور محفوظ سفر کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلا رہی ہے۔بریفنگ کے اختتام پرسی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے سٹی ٹریفک پولیس کی کارکردگی، شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کورواں دواں رکھنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو کو سراہتے ہوئے کہاکہ ٹریفک وارڈنز ایک محنتی فورس ہے،جو شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

مزید : علاقائی