فاؤنٹین ہاؤس دکھی انسانوں کی بہترین خدمت کر رہا ہے، ڈاکٹر سید کلیم امام

فاؤنٹین ہاؤس دکھی انسانوں کی بہترین خدمت کر رہا ہے، ڈاکٹر سید کلیم امام

لاہور(کرائم رپورٹر)ا نسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے فاؤنٹین ہاؤس لاہور کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔فاؤنٹین ہاؤس انتظامیہ نے آئی جی کو مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ آئی جی نے ویمن وارڈ، آرٹ تھراپی سنٹر اور لائبریری کا دورہ بھی کیااور وہاں موجود بزرگ خواتین، خواجہ سرا ؤں اور دیگر مکینوں سے انکی خیریت دریافت کی ۔ آئی جی پنجاب نے اس موقع پر کہاکہ فاؤنٹین ہاؤس سماجی مسائل کے شکار دکھی انسانوں کی بہترین خدمت کر رہا ہے اور یہاں کا انتظام اور سہولیات کامعیار انتہائی تسلی بخش ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کے لئے بحالی کے بعد معاشرہ میں واپس جا کر اپنی جگہ بنانا اور معاشرتی ذمہ داریوں کی ادائیگی ایک اہم چیلنج ہوتا ہے اور مجھے یہ دیکھ کر ازحد خوشی ہوئی کہ فاؤنٹین ہاؤس انتظامیہ اس اہم مسئلہ سے غافل نہیں ہے بلکہ علاج کے ساتھ یہاں مختلف ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں تاکہ یہ افراد اپنے لئے باعزت روزگار کمائیں اور معاشرہ کے ذمہ دار فرد کے طور پر اپنا کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے انتظامیہ اور ڈاکٹرز کو یقین دہانی کروائی کہ اس اہم سماجی خدمت کی ادائیگی میں محکمہ پولیس کی طرف سے انتظامیہ کو مکمل تعاون ہمہ وقت میسر رہے گا۔دورے کے اختتام پرآئی جی پنجاب نے فاؤنٹین ہاؤس مینجمنٹ کو پنجاب پولیس کی جانب سے یادگاری سووینئیرپیش کیا جبکہ انہوں نے فاؤنٹین ہاؤس میں زیر علاج مریضوں کی جانب سے تیار کردہ مصوری کے فن پارے آئی جی پنجاب کو تحفے میں پیش کئے ۔

مزید : علاقائی