کروڑوں کا فراڈ کرنے پر آکسفورڈ پریس پبلی کیشن کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ
لاہور(نامہ نگار )ٹیچر ٹریننگ کے نام پر سادہ لوح افراد سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے پرآکسفورڈ پریس پبلی کیشن کے خلاف عدالت میں 20لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا گیاہے ۔ سول جج محمد وقاص نے 11جولائی کو مدعا علیہ کو طلب کرلیا ہے ۔ عدالت میں متاثرہ افراد اصغر علی اور حمزہ بیگ نے اپنے وکیل محمدرضا کی وساطت سے دائر دعویٰ میں موقف اختیار کیا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس گلبرک کے آکسفورڈ ٹیچر ٹریننگ (او ٹی سی )کے نام پر مینجر مارکیٹنگ زوار حسین اور ٹرینر راحیلہ اشرف لوگوں سے 30ہزار روپے فی کس سرٹیفکیٹ کے بہانے وصول کررہے ہیں ،بعدازاں ان کی جانب سے ٹریننگ سرٹیفکیٹ بھی جاری نہیں کئے گئے۔ فاضل جج نے ابتدائی سماعت کے بعد دعویٰ منظور کرتے ہوئے مذکورہ بالا حکم کے ساتھ مزید سماعت 11 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔