آشیانہ سکینڈل میں ملوث احد چیمہ کا میڈیکل چیک اپ کرانے کی درخواست
لاہور(نامہ نگار)جیل سپرنٹنڈنٹ نے آشیانہ سکینڈل میں ملوث احد خان چیمہ کی بیماریوں کی تصدیق کردی، میڈیکل کرایا جائے یا نہیں ،عدالت کی جانب سے فیصلہ آج( 28جون کو)سنائے جانے کا امکان ہے ۔ احتساب عدالت نمبر 5 میں احد خان چیمہ نے میڈیکل چیک اپ کے لئے اپنے وکیل چودھری ظفرعباس کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ احد چیمہ کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا رکھا ہے، وکیل نے کہا کہ جب سے انہیں نیب نے گرفتار کیا ہے ،ان کامیڈیکل چیک اپ نہیں کرایا گیا جبکہ وہ دل کی تکلیف کے علاوہ دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا ہیں، ان کا میڈیکل سروسز ہسپتال یا پی آئی سی سے کرانے کی اجازت دی جائے۔ درخواست پر عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے پوچھا کہ بتایا جائے احد چیمہ جن بیماریوں کا بتا رہے ہیں،درست ہے؟ عدالت میں جیل سپرنٹنڈنٹ نے جواب داخل کرتے ہوئے بتایا کہ احد خان چیمہ واقعی بیمارہیں ،سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج 28جون کوسنائے جانے کا امکان ہے ۔