اندرون شہر تجاوزات کیخلاف آج سے آپریشن ، قبضہ مافیا کیخلاف دہشتگرد ی کے مقدمات کا حکم

اندرون شہر تجاوزات کیخلاف آج سے آپریشن ، قبضہ مافیا کیخلاف دہشتگرد ی کے ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے اندرون شہر تجاوزات کے خلاف آج 28جون سے آپریشن کا حکم دے دیاجبکہ میئرلاہوراور چیف آفیسر لاہور کو آپریشن کی نگرانی کا حکم دیاگیاہے۔عدالت نے تجاوزات واگزار کروانے میں رکاوٹ بننے والے قبضہ مافیا کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا پولیس سے قابو نہیں آتا تو رینجرز طلب کر لیتے ہیں۔جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس سماعت کی،عدالت نے ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری کوبھی آج 28جون کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیاہے۔عدالت نے والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے عمل درآمد رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بند کمروں میں بنائی جانے والی رپورٹس کی پذیرائی نہیں کی جا سکتی،عدالتی حکم نظر انداز کرنے والے افسروں کے خلاف مقدمات درج کرا کے گرفتار کرائیں گے،عدالت نے ریمارکس دئے کہ ڈی جی والڈ سٹی عدالتی حکم پر عمل نہیں کرا سکتے تو عہدہ چھوڑ دیں،غیر قانونی پختہ عمارتوں کے پلر مسمار کرنے کی بجائے چار انچ کی دیواروں میں سوراخ ڈال کر عدالت کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا،عدالت نے کمرہ عدالت میں موجود ڈی سی لاہور کو مال روڈ،ہال روڈ اور بیڈن روڈ پر قانون کے برعکس قائم تمام تجاوزات آج 28جون سے گرانے کا حکم دے دیاہے،عدالت نے مئیر لاہور اور چیف آفیسر لاہور کو موقع پر جا کر آپریشن کی نگرانی کرنے کا بھی حکم دے دیا،عدالت نے کہا کہ سڑک اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کی متعلقہ تحصیل دارموقع پر نشاندہی کریں گے اورانہیں فوری طور پر گرا دیا جائے گا۔عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ماسوائے پاکستان پوری دنیا میں پیدل چلنے والوں کا خیال رکھا جاتا ہے ،یہاں فٹ پاتھوں پر بھی گاڑیاں پارک ہوتی ہیں۔

آج سے آپریشن

مزید : علاقائی