التوا کی افواہیں بے بنیاد ، انتخابات 25جولائی کو ہی ہونگے،وزیر اطلاعات

التوا کی افواہیں بے بنیاد ، انتخابات 25جولائی کو ہی ہونگے،وزیر اطلاعات

اسلام آباد (این این آئی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ الیکشن کے التواء کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ،عام انتخابات 25جولائی 2018 کو ہی ہونگے، الیکشن صاف ، شفاف اور غیر جانبدارانہ کرائینگے، مثال ماضی میں بھی نہیں ملے گی،ہمیں عدم برداشت کے رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا،تحقیقاتی ایجنسی اگر کسی معاملے میں قانون کے مطابق کوئی کارروائی کر رہی ہے یا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے تو نگران حکومت اس میں کسی قسم کی مداخلت کریگی نہ ہی اس کا کوئی جواز بنتا ہے ،اگر کسی کو کسی معاملے یا کارروائی پر اعتراض ہے تو وہ قانونی راستہ اختیارکرتے ہوئے سپریم کورٹ تک جاسکتا ہے ،بیوروکریسی میں تقرری و تبادلے الیکشن کمیشن کی منظوری سے کئے جارہے ہیں، آئینی ترمیم کے بعد فاٹا کا کے پی کے میں انضمام ہوا ہے ،آئین میں درج ہے فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے الیکشن ایک سال کے اندر ہونگے،سپریم کورٹ کی جانب سے چیئرمین پیمرا تقرری کمیٹی کی سفارش کی منظوری کے بعد اب وزارت اطلاعات جلد چیئرمین پیمرا کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کریگی، مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کیساتھ ساتھ دہشت گردی کیخلاف کامیاب جنگ لڑ رہی ہیں،قومی کردار کی تشکیل کیلئے تعلیم کے شعبے میں وفاق کا کردار رہنا چاہئے۔ پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر میں نجی میڈیا گروپ کی جانب سے منعقدہ ایجوکیشن ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔وفاقی وزیر بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ نگران حکومت کا مینڈیٹ واضح ہے کہ 25جولائی کو عام انتخابات کرانے ہیں ،بروقت،پرامن اور غیر جانبدارانہ الیکشن کرائیں گے اس حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن ریاست کا میڈیا ہے ہم نے یقینی بنایا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پی ٹی وی پر مساوی کوریج ملے۔ ،آئین میں ترمیم کے وقت ایک شق یہ بھی رکھی گئی کہ فاٹا میں قومی اسمبلی کے الیکشن تو عام انتخابات کے ساتھ ہی ہونگے لیکن صوبائی اسمبلی کے الیکشن ایک سال کے اندر ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کسی بھی بلیم گیم میں نہیں پڑے گی اور نہ ہی کسی کے کام کو اچھا یا برا کہے گی صرف اور صرف حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے ۔بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسی قانون کے مطابق اگر کوئی کارروائی کر رہی ہے یا قانون کے مطابق کارروائی عدالت میں زیر سماعت ہے تو کسی کا کوئی کام نہیں بنتا کہ وہ اس میں مداخلت کرے چاہے جس شخص کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے وہ حکومت کا حصہ ہی کیوں نہ ہو ،ایسے ہی اصولوں پر عمل کر کے ہم اداروں کو مضبوط کرسکتے ہیں ،اگر یہ ہی کام ہم جاری رکھیں گے تو ملک آگے بڑھے گا ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا

کہ بیوروکریسی میں تقرری و تبادلے الیکشن کمیشن کی منظوری سے کیے جارہے ہیں ، سید علی ظفر نے کہا کہ میڈیا گروپ کی جانب سے ایجوکیشن ایکسپو کے انعقاد قابل تحسین امر ہے ،ایک ہی چھت کے نیچے ملک بھر اور بیرون ممالک کے تعلیمی اداروں کو اکٹھا کر کے طالبعلموں کو ایک اچھا فورم فراہم کیا گیا ہے ۔ ہماری مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑ رہی ہے ،اب ہمیں عدم برداشت کے رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا ،عدم برداشت کے رویوں کو تعلیم کے ذریعے ہی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اگر ایسی ہی تعلیم اور فنی تربیت دی جاتی رہی تو کوئی بھی طاقت پاکستان کو ترقی سے نہیں روک سکتی ۔ 18ویں ترمیم کے بعد تعلیم کا شعبہ بھی صوبوں کو منتقل ہو گیا تھا لیکن یونیورسٹیوں میں دی جانے والی ہائیر ایجوکیشن کا فیصلہ نہیں کیا گیا ،اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کا شعبہ وفاق کے پاس ہی رہے گا ،اگر آنے والی حکومت تعلیم کے شعبے میں وفاق کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لئے ترمیم کرنا چاہے تو کرسکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میری تجویز ہے کہ قومی کردار کی تشکیل کیلئے تعلیم کے شعبے میں وفاق کا کردار رہنا چاہیے تا کہ ملک بھر میں دی جانے والی تعلیم سے قومی وحدت میں اضافہ ہو اور قومی کردار کی تشکیل ہوسکے ۔

علی ظفر

B

مزید : علاقائی