انتخابات کا منصفانہ پر امن انعقاد وفاق اور صوبو ں کی مشترکہ ذمہ داری : نگران وزیر اعظم

انتخابات کا منصفانہ پر امن انعقاد وفاق اور صوبو ں کی مشترکہ ذمہ داری : نگران ...

اسلام آباد (این این آئی) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انعقاد وفاقی اور صوبائی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وفاقی حکومت سابق فاٹا کے رہائشیوں کو سہولیات دینے اور تبدیلی کے عمل کی خوش اسلوبی سے انجام دہی کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت کی معاونت سے کام کر رہی ہے۔ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے یہ بات گزشتہ روزخیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ گورنر ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا، صوبائی الیکشن کمشنر اور سینئر وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔ آئی جی پولیس کے پی کے محمد طاہر نے افراد اور املاک کے حوالہ سے جرائم، اشتہاری مجرموں کی گرفتاری، اسلحہ کی بازیابی اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت حاصل شدہ اہداف سمیت امن و امان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے 2009ء سے صوبہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری کی تعریف کرتے ہوئے صوبہ میں امن کی بحالی کیلئے خیبرپختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے صوبہ میں عام انتخابات کے خوش اسلوبی سے اور پرامن انعقاد کیلئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قبل ازیں پشاور کے دورہ کے دوران وزیراعظم نے گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

نگران وزیراعظم

اسلام آباد (اے پی پی) نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو فون کرکے ترکی کے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں فتح پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جدید ترکی کی تاریخ میں یہ ایک اہم موڑ ہے جس سے آنے والے دنوں میں ترکی میں ترقی اور خوشحالی کا سفر مزید تیز ہو گا۔ دونوں اطراف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے مابین دوستی اور محبت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک اپنے برادر مسلمان ملکوں کے مابین ہم آہنگی کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں اور خطہ اور دونوں اقوام کی سماجی و اقتصادی ترقی، امن، سلامتی اور استحکام کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کے عوام کی طرف سے ترکی کے عوام کیلئے ہمیشہ خوشحالی، خوشیوں اور ترقی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مبارکباد

مزید : علاقائی