بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے ریٹرننگ افسران سے ووٹرزکی حتمی تعداد طلب
اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران سے متعلقہ حلقوں کے ووٹرز کی تعداد طلب کرلی ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام ڈی آر اوز اور آر اوز کو اپنے اپنے حلقوں کے پولنگ اسٹیشنز کے ووٹرز کی تعداد 30 جون تک جمع کرانے کی ہدایت کردی ۔ بیلٹ پیپرز راؤنڈ فیگر کی تعداد میں چھاپے جائیں گے، اگر کسی حلقے میں ووٹرز کی تعداد 1201 ہوگی تو وہاں 1300بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار واٹر مارکڈ بیلٹ پیپرز استعمال کئے جائیں گے۔21 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی پر2 ارب روپے سے زائد خرچہ آئے گا، یکم جولائی سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا آغاز کردیا جائے گا۔ بیلٹ پیپرز پاک فوج کی نگرانی میں اسلام آباد ، لاہور اور کراچی کی پرنٹنگ پریس میں چھاپے جائیں گے۔
بیلٹ پیپرز