گریڈ 17 اور اوپر کے افسران کی دوہری شہریت کا ڈیٹا نادرا کے حوالے کرنیکا حکم

گریڈ 17 اور اوپر کے افسران کی دوہری شہریت کا ڈیٹا نادرا کے حوالے کرنیکا حکم

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے سرکاری افسران اورججوں کی دوہری شہریت سے متعلق کیس میں تمام سرکاری و خودمختار اداروں کے سربراہان اور سیکرٹریز کو 15 روز میں گریڈ 17 اور اوپر کے افسران کی دوہری شہریت کا ڈیٹا جمع کر کے نادرا کے حوالے کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے مقررہ تاریخ تک دوہری شہریت کا بیان حلفی جمع نہ کرانیوالوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔ بد ھ کوچیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پرڈی جی ایف آئی نے عدا لت کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا اب تک ایک لاکھ 18ہزار افسران نے اپنا ڈیٹا جمع کرایا ہے۔ سرکاری ملازمین میں 179 افسران جبکہ 8اعلیٰ افسران دوہری شہریت رکھتے ہیں ، 255 افسروں کی بیویاں دوہری شہریت کی حامل ہیں۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہادو ہر ی شہریت کے اعداد و شمار کا مقصد کسی کیخلاف کارروائی کرنا نہیں ، قانون میں دوہری شہریت رکھنے پر کوئی قدغن نہیں، ہم دوہری شہریت کے حامل افسران کا ڈیٹا اکٹھا کر کے حکومت کو بھجوائینگے۔ عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ مقررہ تاریخ کے اندر دوہری شہریت کا بیان حلفی جمع نہ کرانیوالوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ،بعدازاں مزید سماعت 15 دن تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

مزید : صفحہ اول