نواز شریف نے مودی کیساتھ مل کر تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچایا: عمران خان

نواز شریف نے مودی کیساتھ مل کر تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچایا: عمران خان

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے مودی کے ساتھ مل کرمسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی تحریک کو نقصان پہنچایا،مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر اقوام متحدہ کی کمشن برائے انسانی حقوق کی رپورٹ آنے کے بعد دنیا کی انکھیں کھل گئی ہیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے جس سے بھارت کا اصل چہرہ مزید بے نقاب ہو رہا ہے، ہم اقتدار میں آکر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں کریں گے اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم رکوانے کے لئے آواز اٹھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنی گالہ میں پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عمران خان کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم پر بریفنگ دی۔ جس پر عمران خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اختیار دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پارٹی کی پالیسی پر نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی پارٹی کی نمائندگی کریں۔ عمران خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کمیٹی کا ممبر بھی منتخب کر لیا۔ عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کے نفاذ اور انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئے خلاف ورزیوں پر کہا ہے کہ گورنر راج کے نفاذ سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم میں مزید اضافہ ہو جائے گا اور دوسری طرف یہ بھی پتا چلا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جو بھارت نواز لوگ اور جماعتیں ہیں جنہوں نے بی جے پی کے ساتھ حکومت میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے جبکہ سول سوسائٹی بھی بھارت پر زور دے رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے بھارت دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیے اور کشمیری عوام کو انکی مرضی و منشاء کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عمران خان کو پی ٹی آئی کشمیر برطانیہ کی طرف سے 50 لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول