سیٹ ایڈجسٹمنٹ: گجرات میں ق لیگ‘ پی ٹی آئی کے متفقہ امیدوار نامزد
گجرات (پ ر) مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی میں باقاعدہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بعد گجرات کے حلقہ این اے 69 سے پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور پی پی 31 سے پی ٹی آئی کے چودھری سلیم سرور جوڑا مشترکہ و متفقہ امیدوار نامزد کئے گئے ہیں۔(بقیہ نمبر34صفحہ12پر )
پی پی 31 سے پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار میاں عمران مسعود اور پی ٹی آئی کے چودھری سلیم سرور جوڑا نے یہ اعلان مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے سینئر رہنما بھی موجود تھے۔ میاں عمران مسعود نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور عمران خان کے درمیان باہمی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بعد پارٹی قائد کی ہدایت پر پی پی 31گجرات سے میں پی ٹی آئی کے چودھری سلیم سرور جوڑا کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔ این اے 69گجرات سے چودھری پرویزالٰہی دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں مل کر گجرات سمیت پورے پاکستان میں کرپٹ مافیا کا مقابلہ کریں گی۔ پہلے بھی دونوں جماعتیں سینٹ‘ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں مشترکہ لائحہ عمل پر عمل کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے امن و امان کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔ ٹریکٹر اور بلے کو کامیاب کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر آبائی سیٹ نہ چھوڑنے کا بڑا دباؤ تھا لیکن پارٹی قائد کے حکم پر میں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے امیدوار چودھری سلیم سرور جوڑا نے چودھری شجاعت حسین‘ پرویزالٰہی اور میاں عمران مسعود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے الیکشن کی بجائے این اے 69 میں چودھری پرویزالٰہی کی فتح کیلئے زیادہ جدوجہد کروں گا۔ مسلم لیگ اور پی ٹی آئی مل کر گجرات میں امن و امان قائم کریں گے۔ ہم میئر گجرات حاجی ناصر کی کرپشن کو سب کے سامنے لائیں گے۔ دریں اثناء چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے میاں عمران مسعود کی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے دیرینہ اور قابل اعتیماد ساتھی ہیں۔
سیٹ ایڈجسٹمنٹ