فاٹا کے عوام کو حق دلدیا ، جنوبی پنجاب صوبہ بھی ہم بنائیں گے : شاہ محمود

فاٹا کے عوام کو حق دلدیا ، جنوبی پنجاب صوبہ بھی ہم بنائیں گے : شاہ محمود

ملتان (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات جنوبی پنجاب صوبہ بارے ریفرنڈ م ثابت ہوگا ۔جنوبی پنجاب کے عوام اس جماعت کو ووٹ دینگے جو ان کا الگ صوبہ بنا کر دیگی ۔تحریک انصاف میں اہلیت ہے کہ وہ(بقیہ نمبر41صفحہ7پر )

جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے قومی حلقہ این اے 156کی یونین کونسل61موضع بھکر عاربی میں الیکشن آفس کا افتتاح اور مختلف مقامات پر کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا تحریک انصاف نے فاٹا کو کے پی کے میں ضم کروایا جس سے فاٹا کی عوام کے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا فاٹا کے عوام کو انگریزوں کے کالے قوانین سے نجات مل گئی ہے ۔ فاٹا کے عوام کو کثیر تعداد میں اسمبلیوں میں نمائندگی مل گئی ہے ۔ فاٹا کے عوام آئندہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے سکیں گے اور فاٹا کی عوام اب اعلیٰ عدالتوں سے انصاف حاصل کر سکیں گے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے نئے صوبے کے قیام کو اپنے سو روزہ ایجنڈے میں شامل کیا ہوا ہے۔ اگر عوام نے اعتماد کیا اور تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کریگی۔انہوں نے کہا جنوبی پنجاب صوبے کے علاوہ ایک بہت بڑا سنگین مسئلہ پانی کا بحران ہے جو آئندہ چندسالوں میں قوم کو در پیش ہو سکتا ہے۔ سندھ طاس معاہدے سے سب سے زیادہ جنوبی پنجاب کے کاشتکار متاثر ہوئے۔ پانی کے بحران پر صوبوں میں تصادم پیدا ہو سکتا ہے یہ ایک سنگین معاملہ ہے تحریک انصاف میں اقتدار میں آئی تو نئے ڈیمز کے قیام کے حوالے سے تمام صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کریگی اور تمام صوبوں کی متفقہ منظوری سے پانی کے نئے ڈیم بنائے جائینگے ۔ انہوں نے کہا پانی کے مسئلے کے حل کیلئے عالمی سطح پر ٹھوس شواہد کی بنیادپر مقدمہ عالمی عدالت میں لے جائینگے۔ بھارت کو پانی کے حوالے سے اس کی من مانی نہیں چلنے دینگے۔ پاکستان کو اس کا حق لے کر دیں گے۔ اس موقع پر ملک عدنان ڈوگر ‘ عمرنواز خان بابر ‘ ملک غلام رسول اعوان‘ منور قریشی‘ ملک جمشید لابر ودیگر شخصیات موجود تھیں۔یونین کونسل61 بھکر عاربی کی مختلف ‘ مڑل برادری‘ وینس برادری‘ بھٹی برادری‘ بابربرادری نے تحریک انصاف میں شمولیت اور مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے یونین کونسل17 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا زرداری نواز دونوں چور ہیں ۔ زرداری سے سندھ کا اور نواز شریف سے پنجاب کا حساب مانگیں گے ۔ شہباز شریف جو اپنے آپ کو خادم اعلیٰ کہتے ہیں 56کمپنیو ں کی آڑ میں اربوں روپے کی کرپشن کی ہے نیب اور تحقیقاتی ادارے جلد عوام کے سامنے حقائق لائیں گے عوام ان سے گزشتہ دس سالوں کا حساب مانگیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اب باریوں کی سیاست گزر چکی ملک اس وقت نازک ترین درہائے پر کھڑا ہے اور مزید باریو ں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کے عوام کو ملک بچانے کیلئے عمران خان اور تحریک انصاف کو آگے لانا ہوگا۔ اسی میں ملک اور قوم کی بقاء ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان کے باشعور عوام لٹیروں ‘ملک کے غداروں کو بری طرح مسترد کریں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرملک غلام عباس کھاکھی ‘ ملک عدنان ڈوگر ‘ منور قریشی‘ رانا عبدالجبار ‘ اسلم سعید قریشی ودیگر شخصیات ان کے ہمراہ تھیں۔

مزید : ملتان صفحہ آخر