میر شبیر بجارانی نے پیپلزپارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا

میر شبیر بجارانی نے پیپلزپارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا

تنگوانی(خصوصی نامہ نگار)پی ایس چھ تنگوانی سے پیپلزپارٹی کے مرحوم رہنمامیر ہزار خان بجارانی کے صاحبزادے میر شبیر بجارانی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ سکھر پریس کلب میں سابق نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو اور سردار علی گوہر خان مہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر شبیر کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت اب میرا فیصلہ بدل نہیں سکتی۔شبیر بجارانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے لیے میرے والد کی بڑی قربانیاں ہیں لیکن ہمیں دیوار سے لگایا جارہا ہے، میرے والد نے بھی عزت نفس پر سودا نہیں کیا۔شبیر بجارانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار نے ہی میرے خلاف عدالت عالیہ میں درخواست دائر کی ہے،اس کے پیچھے کسی کا ہاتھ ضرور ہے، انہوں نے ساتھ ہی شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر قیادت سے رابطے کی کوشش کی مگر کسی نے رسپانس نہیں دیا ، اب آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا۔اس سے قبل سکھر پریس کلب جاتے ہوئے پیپلز پارٹی کے اہم رہنما خورشید شاہ نے ان کا راستہ روکا اور اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی، جس پر شبیر بجارانی نے کہا کہ آپ بڑے ہیں لیکن مجھے چھوڑدیں، میں اب کسی صورت اپنے فیصلے پر نظر ثانی نہیں کرونگا۔اپنی بریس کانفرنس میں شبیر بجارانی نے شکارپور،کشمور اور جیکب آباد میں جی ڈی اے کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان اضلاع میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو شکست سے دوچار کرینگے۔

مزید : کراچی صفحہ اول