صدر مملکت ممنون حسین سے آسٹریلیا اور آسٹریا کے لیے نامزد سفیروں کی ملاقات

صدر مملکت ممنون حسین سے آسٹریلیا اور آسٹریا کے لیے نامزد سفیروں کی ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آسٹریا اور آسٹریلیا میں پاکستانی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد تعلیم حاصل کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے ساتھ تعاون میں مزید اضافے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت نے یہ بات آسٹریا اور آسٹریلیا کے لیے پاکستان کے نامزد سفیروں منصور احمد خان اور بابر امین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔صدرممنون حسین نے دونوں نامزد سفیروں کو ہدایت کی کہ وہ دونوں ممالک کے ساتھ تجارتی اور کاروباری وفودکے دوروں کے تبادلے کے پروگرام بنائیں اورثقافتی تعاون میں اضافے کے لیے کام کریں۔انھوں نے کہا کہ آسٹریا اور آسٹریلیااہم ممالک ہیں جن کے ساتھ پاکستان تمام شعبوں میں تعلقات اور تعاون میں اضافے کا خواہش مند ہے ۔ انھوں نے نامزد سفیروں کو ہدایت کی کہ دونوں ممالک میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے اور ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے ان ملکوں میں حالات سازگار بنائے جائیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کے لیے نئے مواقع تلاش کیے جائیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں سے ذاتی طور پر اور تاجروں کی تنظیموں کے درمیان تعلق کو مضبوط بنایا جائے جس سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ وہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کوراغب کریں۔ انھوں نے ہدایت کی کہ وہ پاکستانی افرادی قوت میں اضافے کے لیے کوشش کریں اور وہاں موجود پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کریں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر