نصابی و مختلف مضا مین پر معلوماتی کتب کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن نے نیشنل بُک فاؤنڈیشن (این بی ایف) کو ہدایت کی ہے کہ عام شہریوں کو نصابی اور مختلف مضامین پر معلوماتی کتب کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور شہریوں بالخصوص طالب علموں کو آگاہ کرنے کی ایسی موثر حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ وہ کم قیمت پر کتب کی فراہمی کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں۔ یہ ہدایات انہوں نے منگل کو جناح سپر ایف سیون مرکز اسلام آباد میں قائم این بی ایف ’’شہرِ کتاب‘‘ کے اچانک دورے کے موقع پر جاری کیں۔ وفاقی سیکریٹری نے این بی ایف کے زیر انتظام ’شہرکتاب‘ اسلام آباد کے مختلف حصے،اسٹالز، گودام، ریڈنگ روم اور کتاب کیفے کا معائنہ کیا اور عام شہریوں کو دی جانے والی سہولیات اور کتب کا جائزہ لیا۔ این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اس موقع پر بتایا کہ شہرِکتاب وفاقی دارالحکومت کے شہریوں اور طالب علموں کو نصابی اور دیگر کتب پر کم ازکم دس فیصد سے لے کر پچاس فیصد تک رعایت فراہم کررہا ہے۔ وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن نے ہدایت کی کہ این بی ایف کی رعایتی قیمت پر کتب ایک قومی خدمت ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں کو آگاہ کرنے سے بہترین نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں اور شہرکتاب کے مقاصد کو حاصل کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے شہرِکتاب میں کیے گئے انتظامات پراطمنان کااظہارکیا۔ اس موقع پر قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق، جوائنٹ سیکریٹری نذیراحمد اور دیگر حکام و افسران بھی موجود تھے۔