کوہاٹ میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی ،5 گرفتار

کوہاٹ میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی ،5 گرفتار

کوہاٹ (بیورورپورٹ)کوہاٹ میں انسداد منشیات کے حوالے سے جاری کاروائیوں میں مزید پانچ منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔زیر حراست منشیات فروشوں میں افغان مہاجر بھی شامل ہیں اور کاروائی میں لاکھوں روپے مالیت کی منشیات بھی پکڑی گئیں ۔ضلعی پولیس سربراہ سہیل خالد کے واضح احکامات کی روشنی میں منشیات جیسے معاشرتی ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پولیس کے شہر کے چپے چپے میں بڑے پیمانے پر نتیجہ خیز کریک ڈاؤن جاری ہیں جبکہ مربوط حکمت عملی کے تحت ضلع بھر کے مختلف مقامات پر انسداد منشیات کے حوالے سے جاری آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی ہے ۔ا س سلسلے میں ضلعی پولیس نے سراغ رساں ادارے ڈی ایس بی کیساتھ ملکرمصدقہ اطلاعات کے تناطر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کی اہم شاہراہوں پر ناکہ بندیوں اور چھاپہ مار کاروائیوں کا انعقاد کیا ہے ۔منشیات کے خلاف اس آپریشن میں ایک اطلاع پر کاروائی کرتے ایس ایچ او تھانہ سٹی سب انسپکٹرمحمد وقاص نے پولیس نفری کے ہمراہ کالو خان بانڈہ کے علاقے میں دو مختلف مقامات پر اچانک چھاپے مارے جہاں منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث دو مبینہ منشیات فروشوں مسلم خان ولد سید عزیز سکنہ حافظ آباد اور افغان مہاجر سید آغا ولد الف خان ساکن پہلوان بانڈہ کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر ساڑھے چار کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی ہے۔زیر حراست منشیات فروشوں کے خلاف تھانہ سٹی میں الگ الگ مقدمات درج کرکے پابند سلاسل کردیا گیا ہے۔ادھر خفیہ اطلاعات پرایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید انسپکٹر محمد علی نے بھی پولیس نفری کے ہمراہ باقی زئی اور تاندہ ڈیم کے مختلف علاقوں میں کاروائیوں کے دوران تین منشیات فروشوں محمد سہیل، عامر سعید پسران سعید الحق اوراختر زمان ولد سبز علی خان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر 2150گرام چرس برآمد کرلی اور انکے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں الگ الگ مقدمات درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر