اپنے حلقہ میں 25 سے زائد نئے سکولز تعمیر کئے ،عارف احمد زئی

اپنے حلقہ میں 25 سے زائد نئے سکولز تعمیر کئے ،عارف احمد زئی

چارسدہ(بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے اور حلقہ پی کے 60کے امیدوار عارف احمد زئی نے کہا ہے کہ پچھلے پانچ سالہ دور میں اپنے حلقہ نیابت میں 25سے زائد نئے سکولوں تعمیر کئے ہیں جبکہ متعدد سکولوں کے اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کیلئے کالج بھی قائم کیا ۔تحریک انصاف نے تعلیم کو پہلی ترجیح دی ہے ۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ عارف احمد زئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں صوبے کے سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم عام کرنا اور قابل رسائی علاقوں میں نئے سکولوں کی تعمیر پہلی ترجیح رہی اور اسی ترجیح کو بنیاد بنا کر انہوں نے اپنے حلقہ میں25سے زائد نئے سکول تعمیر کئے ہیں جبکہ مختلف یونین کونسلوں میں موجود پرائمری سکولوں کو مڈل اور مڈل کو ہائی سکولوں میں اپ گریڈ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ شبقدر میں لڑکیوں کیلئے کوئی کالج موجود نہ تھا اور ہزاروں لڑکیاں میٹرک کے بعد حصول تعلیم سے محروم رہی اسی وجہ سے انہوں نے اپنے دور حکومت کے پہلے ہی سال شبقدر میں لڑکیوں کیلئے کالج قائم کیا جس میں سینکڑوں لڑکیاں جدید علوم سے بحرہ ورہو رہی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستا ن تحریک انصا ف کی صوبائی حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم عام کر دی ہے جس میں نہ صرف سکول کے بچوں کے لئے چھ کمروں پر محیط نئی عمارتیں بلکہ ساتھ ساتھ سکولوں میں تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا ۔ تحریک انصاف کے صوبائی حکومت نے سکولوں کے نصاب کو معیاری بنانے کے لئے کمیٹی قائم کر کے نصاب کو دور جدید کے تقاضوں سے آراستہ کیا ۔ تعلیم کے میدان میں انقلابی اصلاحات کی وجہ سے آج لاکھوں کی تعداد میں بچے پرائیوٹ سکولوں سے سرکاری سکولوں میں داخل ہو چکے ہیں۔محکمہ تعلیم کو سیاسی مداخلت سے پاک کرکے سکولوں میں ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ کو میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا ہے۔تحریک انصاف نے اپنے منشور میں تعلیم کو پہلے ترجیح دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ منتخب ہو کر وہ سب سے زیادہ فنڈ ز تعلیم کے مد میں خرچ کرینگے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر