نیب کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ، قمرالاسلام کی گرفتاری کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا: ترجمان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ نیب کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے ، راجہ قمرالاسلام کی گرفتاری کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا۔
ترجمان نیب نوازش علی عاصم نے اپنے بیان میں رہنما مسلم لیگ ن راجہ قمرالاسلام کی گرفتاری کے حوالے سے وضاحت کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ قمر الاسلام کو کلیئرنس سرٹیفکیٹ نہیں ملا، صاف پانی کمپنی کیخلاف اینٹی کرپشن یونٹ میں شکایات تھیں کہ قمر الاسلام نے من پسندکمپنیوں کو ٹھیکے دیے ان کیخلاف ٹھوس شواہدموجود ہیں ، گرفتاری کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا۔ گرفتاری کے دوسرے روز قمرالاسلام کو عدالت میں پیش کر دیا تھا ، انہوں نے عدالت کے سامنے اپنا نقطہ نظر رکھا۔
ترجمان نیب نے مزید کہا کہ نیب کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ نیب نے سندھ میں سب سے زیادہ کارروائیاں کیں، سابق وزیرقانون سندھ کیخلاف بھی انکوائری چل رہی ہے۔