جسٹس یحییٰ آفریدی نے بطور سپریم کورٹ جج حلف اٹھالیا

جسٹس یحییٰ آفریدی نے بطور سپریم کورٹ جج حلف اٹھالیا
جسٹس یحییٰ آفریدی نے بطور سپریم کورٹ جج حلف اٹھالیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس یحییٰ آفریدی نے بطورسپریم کورٹ جج کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں ہوئی اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثاران سے حلف لیا۔تقریب میں سینئر جج، وکلا اور ان کے عزیز واقارب نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس یحییٰ آفریدی پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر فرائض سر انجام دیتے رہے ہیں۔ معزز جج سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے سربراہ بھی رہے ہیں۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے مارچ 2018 میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کےخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت سے معذرت کرلی تھی جس کے سبب بنچ ٹوٹ گیا تھا۔

جسٹس یحییٰ آفریدی 2016 میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ مقرر ہوئے تھے۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز افضل کی ریٹائرمنٹ سے عدالت عظمیٰ میں موجود جج صاحبان کی تعداد 16 ہوگئی تھی۔ جسٹس یحییٰ آفریدی کے حلف اٹھانے سے تعداد 17 ہوجائے گی۔

عدالت عظمیٰ پاکستان میں آئینی و قانونی اعتبارسے جج صاحبان کی منظور شدہ تعداد 17 ہے۔جسٹس یحییٰ آفریدی دستیاب ریکارڈ کے مطابق 2030 تک سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج رہیں گے۔

مزید : اہم خبریں /قومی /علاقائی /اسلام آباد