فائزہ بیوٹی کریم نے اداکارہ منشا پاشا کے ساتھ ایسا کام کردیا کہ ان کے ہوش اڑا دیے، ان کی ۔۔۔

فائزہ بیوٹی کریم نے اداکارہ منشا پاشا کے ساتھ ایسا کام کردیا کہ ان کے ہوش اڑا ...
فائزہ بیوٹی کریم نے اداکارہ منشا پاشا کے ساتھ ایسا کام کردیا کہ ان کے ہوش اڑا دیے، ان کی ۔۔۔

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی صارفین فائزہ بیوٹی کریم کے نام سے اچھی طرح واقف ہیں لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ مذکورہ برانڈ نے اداکارہ منشا پاشا کی تصویر اپنی تشہیر میں اداکارہ کی اجازت کے بغیر ہی استعمال کی ہے۔ بلا اجازت تصویر استعمال ہونے پر منشا پاشا کی جانب سے سخت غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔

اداکارہ منشا پاشا نے اپنی تصویر فائزہ بیوٹی کریم کی تشہیر کیلئے استعمال ہونے پر سخت برہمی دکھائی اور انسٹا گرام پر کھری کھری سنادیں انہوں نے کہا ” آخر لوگوں کو مسئلہ کیا ہے؟ ریکارڈ کیلئے یہ بتانا چاہتی ہوں کہ میں نے کسی فیئرنس کریم کی کیمپین نہیں کی کیونکہ میں اس میں یقین ہی نہیں رکھتی۔ میں نے فائزہ بیوٹی کریم کی کیمپین بھی نہیں کی بلکہ انہوں نے میری تصویر کو استعمال کیا ہے۔ آخر لوگوں کو رنگ سے مسئلہ کیا ہے ؟ ہاں میں سانولی ہوں لیکن لائٹ، کیمرا اور اینگلنگ بہت زیادہ فرق پیدا کردیتے ہیں، آپ بھی بڑے ہوجائیں کیونکہ لوگ بدل چکے ہیں ۔ دوستو ! سیاہ، سانولی اور فیئر رنگت کا وہم چھوڑ دیں کیونکہ تمام رنگ ہی اپنے حساب سے خوبصورت ہیں، یہ صرف آپ کی سوچ ہے“۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھی بغیر اجازت اداکارہ کی تصویر کے استعمال پر سخت رد عمل دیا ، ارشیا توقیر نے کہا کہ لوگوں کی ذہنیت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

نمی نے کہا کہ فائزہ بیوٹی کریم کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کرنا چاہیے جبکہ عون شاہ نے بھی ایسا ہی مشورہ دیا۔

زویا لاریب نے سوال اٹھایا کہ یہ جو چینی لڑکی ان کی ہر کریم کی ڈبی پر نظر آتی ہے کیا آپ سمجھتی ہیں کہ اس کی رضامندی سے اس کی تصویر چھاپی جاتی ہے؟۔

زویا لاریب کو مخاطب کرتے ہوئے منشا پاشا نے کہا کہ لوگ چینی لڑکی کو نہیں جانتے لیکن مجھے جانتے ہیں ،میں تو اس کریم کے اچھا ہونے کی تصدیق نہیں کر رہی۔

عائشہ نے منشا پاشا کے پیغام کو خوبصورت قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جب مشہور شخصیات رنگت کے فرق کے خلاف بولتے ہیں تو اس سے بہت فرق پڑتا ہے۔

مزید : تفریح