عمران خان کا پاکپتن دربار پر سجدہ ،فوزیہ قصوری بھی میدان میں آگئیں ،خبردار کردیا

عمران خان کا پاکپتن دربار پر سجدہ ،فوزیہ قصوری بھی میدان میں آگئیں ،خبردار ...
عمران خان کا پاکپتن دربار پر سجدہ ،فوزیہ قصوری بھی میدان میں آگئیں ،خبردار کردیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بابا فرید گنج شکر کے دربار پر حاضری دیتے ہوئے سجدہ کیا تو سوشل میڈ یا پر ہنگامہ برپا ہو گیا اور لوگوں نے ان پر خوب تنقید کی ۔تحریک انصاف کی سابقہ رہنما فوزیہ قصوری بھی میدان میں آگئیں اور لوگوں کو خبردار کردیا ۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فوزیہ قصوری نے ایک حدیث نبوی شیئر کی جس کے مطابق ”رسول اللہﷺنے فرما یا ’تم سے اگلوں نے قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا تھا ،خبردار!تم قبروں کو سجدہ گاہ نہ بنانا‘ ،میں تمہیں منع کرتا ہوں “۔یہ حدیث شیئر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ شرک سے باخبر رہنا ،اللہ ہم سب کی رہنمائی کرے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی اور دوست زلفی بخاری کے ساتھ جا کر بابا فرید گنج شکر کے دربار پر حاضری دی تھی۔اس موقع پر ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان مزارکے سامنے دروازے پر فرش کو چومتے ہی اور پھر اندر داخل ہوتے ہیں ۔عمران خان نے دربار بابا فرید گنج شکر پر پھولوں کی چادرچڑھائی ،نوافل ادا کیے اور ملک و قوم کے لیے دعائیں بھی کیں ۔

مزید : قومی