ڈالر اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا طوفان،مارکیٹو میں بندی تاجر اور صارفین پریشان

ڈالر اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا طوفان،مارکیٹو میں بندی تاجر ...

  

لاہور(سٹی رپورٹر) وفاقی حکومت کی جانب سے گیس اور بجلی کی بڑھتی قیمتوں کے بعدڈالر اور سونے کی قیمت میں مزید اضافے نے مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد میں مزید تشویش کی لہر پیدا کر دی۔کاروباری طبقہ، اسٹوڈنٹس اور گھریلو صارفین مہنگائی کی وجہ سے شدید پریشان۔روزنامہ”پاکستان“ کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق آئے دن مہنگائی کے نئے طوفان سے شہر بھر کی تمام مارکیٹوں میں مندی کا رجحان ہے۔ دوسری جانب گریلو صارف اور اسٹوڈنٹ طبقہ بھی اخراجات پوری نہ ہونے اور بڑھتی مہنگائی کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں۔ اس حوالے سے روزنامہ ”پاکستان“ کے نمائندے سے گفتگو کر تے ہوئے اچھرہ گولڈ مارکیٹ کے صدر کاشف بٹ کا کہنا تھا کہ حالیہ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔مارکیٹ میں سرمایہ کار سرمایہ کاری کرنے سے ڈرتا ہے کہ کہیں اس کا پیسہ ڈوب نہ جائے، مزدوروں کو ان کی اجرت بھی نہیں دی جارہی ہمارے لیے گھر کا خرچہ چلانا مشکل ہو گیا ہے۔ اتنی بجلی اور گیس استعمال نہیں کر تے جتنا بل آجاتا ہے  آئے دن سونے کی بڑھتی قیمتوں سے خریدار مارکیٹوں سے دور ہو تا جارہا ہے۔مارکیٹ کی موجودہ صورتحال بہت بری ہے۔ ڈالر کے اثرات کی وجہ سے سونا بھی بڑھتا جارہا ہے،اگر یہی حالات رہے تو ہو سکتا ہے سونے کی قیمت ایک لاکھ تک پہنچ جائے۔ پھر بھی امید ہے کہ آنے والا وقت بہتر ہو گا۔ جیل روڈ کار ڈیلر ایسوایشن کے نائب صدر محمد جمشیدکا کہنا تھا کہ حالیہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ گاڑیوں کی خریداری تو بہت دور کی بات  لوگ اپنے گھر کا خرچہ پورا کر لیں تو بڑی بات ہے۔ موجودہ حکومت عوامی ریلیف کے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس کے علاوہ حالیہ مہنگائی کے سبب طالب علموں احسن علی، کامران مغل اور اذان احمدکا کہنا تھا کہ ہمارے لیے روزانہ پیٹرول کے اخراجات پورے کرنا بہت مشکل ہوتا جارہا ہے، موجودہ مہنگائی میں گزارا کرنا بہت مشکل ہے جبکہ گیس کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر ہیران نان شاپ کے مالک محمد اکرم کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گا تو اس سے نان اور روٹی کی قیمت بھی مزید بڑھے گی جس کا سارا بوجھ خریدار پر پڑے گا اور کاروبار بھی مزید بری طرح متاثر ہو گا۔گھریلو صارفین  محمد شہباز، عبداللہ خان، کرن صابر اور عارف نواز نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -