سچائی و حق گوئی رحمت علی رازی کا طرہ امتیاز تھا ،مرحوم کے اخلاق کا ایک عالم گواہ ،صمصام بخاری
لاہور (اےن اےن آئی) سچائی اور حق گوئی مرحوم رحمت علی رازی کا طرہ امتیاز تھا، ان کے اخلاق اور ذاتی اوصاف کا ایک عالم گواہ ہے،وہ دو ستوں کے دوست اور اپنی قسمت خود اپنے ہاتھوں سے تعمیر کرنے کے قائل تھے، انہوں نے اپنی محنت کے بل بوتے پر اپنا جہاں بسایا ۔ رحمت علی رازی اپنی ذات میں صحافت کا پورا ادارہ اور انجمن تھے جن سے ان کے ہر ملنے والے نے کسب فیض کیا ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے مقامی ہوٹل میں سینئر صحافی و مدیر رحمت علی رازی مرحوم کےلئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اے پی این ایس کے زیراہتمام منعقدہ ریفرنس سے سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی،سرمدعلی، ممتاز طاہر، جمیل اطہرقاضی، سہیل وڑاءچ، سجادبخاری، لیاقت ملک، ایثار رانا کے علاوہ سیکرٹری اطلاعات پنجاب راجہ جہانگیر انور، ڈی جی پی آر ڈاکٹر محمد اسلم ڈوگر اور ڈاکٹر فیاض رانجھا نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں مرحوم کے ایصال ثواب کےلئے اجتماعی فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔ سید صمصام علی بخاری نے اپنے خطاب میں کہا رحمت علی رازی مرحوم کا تعلق ان کے بزرگوں سے بھی تھا، رحمت علی رازی اپنی صاف گوئی اور سچ بولنے کی عادت کی وجہ سے جلالی طبیعت کے مالک تھے، چاپلوسی و خوشامد سے مرحوم کا دور کا بھی واسطہ نہ تھا ۔ وہ تلخ سے تلخ بات بھی دوسرے کے منہ پر کہہ دینے کا حوصلہ رکھتے تھے ۔ مرحوم کا حلقہ احباب اور انہیں جاننے والے آج بھی ان کی حق گوئی و بے باکی کا اعتراف کرتے ہیں ۔ اعلیٰ صحافتی روایات قائم کیں اور سخت محنت اور لگن سے صحافت کے میدان میں اپنا ایک الگ اور منفرد مقام بنایا ۔ صوبائی وزیرنے یقین دلایا رحمت علی رازی مرحوم کے اخبار اور رسالے کی وساطت سے مرحوم کے اہل خانہ اور پسماندگان کی پنجاب حکومت کی طرف سے ہر ممکن اعانت کی جا ئےگی تاکہ ان کے صاحبزادے اویس علی رازی و دیگر کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ اپنے عظیم باپ کا مشن جاری رکھ سکیں ۔ اس موقع پر صوبائی وزیرنے اعلان کیا کہ گزشتہ دنوں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونےوالے فوٹوگرافرحسن جعفری کے اہل خانہ کی بھی حکو متی سطح پر مناسب مدد کی جائے گی ۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیرانور و ڈی جی پی آر ڈاکٹرمحمد اسلم ڈوگر نے بھی اس موقع پر رحمت علی رازی کی میدان صحافت میں شاندار جدوجہد اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیاجبکہ دیگر مقررین نے بھی مرحوم کےساتھ اپنی رفاقت کے حوالے سے یادیں تازہ کیں اور مرحوم کے محاسن کا شاندار الفاظ میں ذکر کیا ۔
صمصام بخاری
