شہباز شریف اور بلاول کی ملاقاتیں، نواز شریف نے خطے کے امن و سلامتی میں اہم کردار ادا کیا: افغان صدر

شہباز شریف اور بلاول کی ملاقاتیں، نواز شریف نے خطے کے امن و سلامتی میں اہم ...

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)افغان صدر اشرف غنی سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے شہباز شریف سے ملاقات میں بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے مسلم لیگ (ن) کے منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے خطے کے امن و سلامتی میں اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر میاں شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں امن اور مثبت صورتحال کوپروان چڑھانے میں اشرف غنی کے کردار کوخراج تحسین پیش کیا۔صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی ہم سب کا خواب ہے کیونکہ افغان اور پاکستان کے عوام افغانستان میں بدامنی سے بہت تکالیف جھیل چکے ہیں۔شہباز شریف نے افغان صدر کو نواز شریف کی طرف سے بھی خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق افغان صدر کے ساتھ بلاول بھٹو کی ملاقات میں فرحت اللہ بابر اور شیری رحمان بھی شامل تھے۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے افغان امن عمل سے متعلق نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بعدازاں سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں پاک افغان دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقاتیں

مزید :

صفحہ اول -