شہباز شریف کو 5جولائی کو نیب طلبی کا نوٹس وصول کرادیا گیا

شہباز شریف کو 5جولائی کو نیب طلبی کا نوٹس وصول کرادیا گیا

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی طلبی کا نوٹس ان کی رہائش گاہ پر وصول کرادیا۔نیب کے مراسلے میں شہبازشریف کو 5 جولائی کو طلب کیا گیا ہے اور انہیں دوپہر 2 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے کے مطابق شہباز شریف کو فیملی کے تمام اثاثہ جات پیش کرنے سمیت 2009 میں 11 کروڑ 22 لاکھ سے زائد کی رقوم کی فارن کرنسی میں وصولی کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔مراسلے میں اپوزیشن لیڈر کو بیرون ملک اثاثہ جات اور اکاؤنٹس کے علاوہ گاڑیوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

شہباز طلبی

لاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس علی باقر نجفی اور مسٹرجسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل ڈویژن بنچ نے منی لانڈرنگ سے متعلق انکوائری میں حمزہ شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے مشتاق چینی کی ضمانت کی درخواست 5،5لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی ہے، درخواست گزار کے وکیل کا موقف تھا کہ اسے نیب کی جانب سے کرپشن الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا، اس نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ اور ان کے بھائی سلمان شہباز کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن کر بیان ریکارڈ کروا دیا ہے اور اپنے بیان میں رقوم ٹرانسفر کرنے کے تمام حقائق بیان کردئیے ہیں،عدالت سے استدعاہے کہ ان کی ضمانت کی درخواست منظور کی جائے۔

مشتاق چینی

مزید :

صفحہ اول -