نواز شریف سے والدہ، صاحبزادی سمیت خاندان کے افراد کی ملاقات، مریم نواز کی والد کو اے پی سی پر بریفنگ

نواز شریف سے والدہ، صاحبزادی سمیت خاندان کے افراد کی ملاقات، مریم نواز کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر، صاحبزادی مریم نواز سمیت خاندان کے دیگر افراد نے ملاقات کی،تاہم رشتہ داروں،پارٹی رہنماؤں اورکارکنوں کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی، مریم نواز نے والد کو آل پارٹیز کانفرنس میں پیش کئے گئے پارٹی کے موقف اور اے پی سی کے مجمو عی فیصلوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف سے ان کی والدہ شمیم اختر، صاحبزادی مریم نواز سمیت خاندان کے پانچ افراد نے ملاقات کی جبکہ دیگر رشتہ داروں،پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو اجازت نہ ملی۔ مریم نواز کی جیل آمد پر کارکنوں نے ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور ان کے حق میں نعرے لگا کر استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے والد کو اسلام آباد میں ہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس میں اپنائے گئے پارٹی موقف، دیگر رہنماؤں کے خیالات، اعلامیہ، اپنی سیاسی سر گرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور ان سے رہنمائی حاصل کی۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کی طبیعت بدستور خراب ہے اور ان کے گردوں، شوگر اور خون کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ دوسری طرف  سابق وزیر اعظم نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان خان نے کہا ہے کئی ہفتوں سے نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوسکی، جیل حکام سے منت کے باوجود کچھ نہ ہو سکا۔ جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا وہ کئی ہفتوں سے نواز شریف کو نہیں مل سکے، بار بار جیل حکام سے منت کے باوجود کچھ نہ کر سکے۔ ان کا کہنا ہے انہیں نواز شریف سے نہیں ملنے دیا جا رہا جبکہ پابندیاں قابل مذمت ہیں۔
نوازملاقات


 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن)تاحیات قائد اورسابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کالعدم قرار دینے کی اپیل پر سماعت ستمبر تک ملتوی کردی۔ جمعرات کوکیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی۔کیس کی سماعت شروع ہوئی تو نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا پہلی بار پیپر بک تیار کر کے ہمیں اطلاع دی گئی جو نامکمل تھی،اب کی بار پیپر بک تیار کرنے سے پہلے ہمیں آگاہ کیا گیاتو پھرہم نے تمام 13 والیمز کا جائزہ لیا۔خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا ہم نے ایک مکمل چارٹ بنا کر دیا اور بتایا کہاں کون سی دستاویز موجود نہیں۔ ہم اب بھی پیپر بک مکمل کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔عدالت کچھ وقت دیدے، تاکہ پیپر بک مکمل تیار ہو جائے۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ جن دستاویزات کی درستگی کی ضرورت ہے وہ ایک ہی بار کروا لیں، تاکہ کارروائی آگے بڑھائی جا سکے،پیپر بک صرف ریکارڈ کو اکٹھا کرنے کیلئے بنائی جاتی ہے،پہلے ہی 20 ہزار صفحات ہو چکے ہیں مزید مت بڑھائیں۔جسٹس عامر فاروق نے کہا ہم نے تو صرف اسی ریکارڈ کو دیکھنا ہے جو ٹرائل کورٹ میں ریکارڈ پر آیا،ایسی کوئی دستاویز پیپر بک میں نہیں لگی گی جو ٹرائل کورٹ میں ریکارڈ پر نہیں آئی۔عدالت کی طرف سے کہا گیا آپ کی اپیل پر دلائل شروع ہو جائیں پھر دیکھ لیں گے کس طرح لے کر چلنا ہے،یہ کیس ایک دن میں مکمل ہونیوالا تو نہیں،جسٹس محسن اختر نے خواجہ حارث سے مخاطب ہوکر کہا آپ بتا دیجئے گا دلائل کیلئے کتنے گھنٹے لیں گے؟اس پر خواجہ حارث نے جواب دیا وہ یہ نہیں بتا سکتے وہ اپنے دلائل میں کتنا وقت لیں گے تاہم نوا زشریف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اپیل پر سماعت ستمبر کے مہینے تک ملتوی کردیں، تاریخ بعد میں مقرر کی جائے۔عدالت نے کیس کی سماعت ستمبر تک ملتوی کردی۔
نواز اپیل 

مزید :

صفحہ اول -