اپوزیشن کو آل پارٹیز کانفرنس کی ناکامی پر منفی سیاست سے توبہ کرلینی چاہئے: عثمان بزدار

اپوزیشن کو آل پارٹیز کانفرنس کی ناکامی پر منفی سیاست سے توبہ کرلینی چاہئے: ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اے پی سی کے نام پر اپوزیشن کاڈرامہ بری طرح فلاپ رہا،اپوزیشن جماعتوں کو ناکام شو پراب منفی سیاست سے توبہ کرلینی چاہئے۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ 22 کروڑ عوام نے اپوزیشن کے غیر جمہوری طرز عمل کو مسترد کر دیا ہے۔ کرپٹ عناصر سن لیں،قوم بے لاگ احتساب کی حامی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کرپشن کے خلاف جنگ کر رہے ہیں اور اپوزیشن لوٹ مار سے جمع دولت بچانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جو حشر اے پی سی کا ہوا ہے وہ اپوزیشن جماعتوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔ کرپٹ عناصر کے کڑے احتساب سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے ملتان ڈویژن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں، علاقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے بارے میں تجاویز دیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے فنڈز مختص کر دئیے گئے جبکہ جگہ کا تعین اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کئے،جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے اور سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے بجٹ میں 35فیصد فنڈز رکھے ہیں لہٰذاجنوبی پنجاب کو اس کی ترقی کا حق واپس دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا کیونکہ ہم نے مل کرصوبے کے عوام کی امیدوں اور توقعات پر پورا اترنا ہے۔وزیراعلیٰ نے منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ منشیات کی خرید و فروخت کرنے والے مافیا ء کے خلاف قانون کے تحت بلا تفریق کارروائی کی جائے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم کی سربراہی میں اقلیتی اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں مہند ر پال سنگھ، پیٹرگل اور ہارون عمران گل شامل تھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو آئین کے تحت برابر کے حقوق حاصل ہیں لہٰذااقلیتوں کے مذہبی مقامات کی ہر ممکن دیکھ بھا ل کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -