حکومت کا بلوچستان نیشنل پارٹے کے 6نکات پر عملدر آمد کرنے کا اعلان، مسائل حل نہ ہونے پر خطرناک نتائج نکلیں گے: اختر مینگل

حکومت کا بلوچستان نیشنل پارٹے کے 6نکات پر عملدر آمد کرنے کا اعلان، مسائل حل ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)حکومت نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے چھ نکات پر عملدرآمد کرنے کا اعلان کردیا،وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چھ نکاتی ایجنڈے پر معاہدہ ہو چکا ہے،جو وعدہ کیا گیا ہے وہ پورا کریں گے، لاپتہ افراد کے حوالے سے کمیٹی بن چکی ہے،اس پر پیشرفت ہوگی،جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ اگر مسائل کو سیاسی طریقے سے حل نہیں کیاگیا تو اس کے نتائج خطرناک ہی نکلیں گے،ہم سیاسی لوگ ہیں ہم یقین دہانیوں پر یقین رکھتے ہیں،چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے حوالے سے ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی جب ہم سے رابطہ کیا جائے گا تو ہم پارٹی میں صلاح مشورے کریں گے۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہاس کے باہر سردار اختر مینگل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ سردار اختر مینگل کے چھ نکات پر جو وعدہ کیا گیا ہے وہ پورا کریں گے،ہماری میٹنگ نہیں ہوئی تھی اس لئے تاخیر ہوئی،پرویز خٹک نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے کمیٹی بن چکی ہے،اس پر پیشرفت ہوگی، سردار اختر مینگل کاخدشہ تھا کہ گوادر میں باہر سے جو لوگ آئیں گے ان کو وہاں کا شناختی کارڈ دینے سے وہاں کی اکثریت اقلیت میں بدل جائے گی،ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے باہر سے آنے والے لوگوں وہاں کی شناخت نہیں ملے گی،سونے کو ریفائن کرنے کے لئے ریفائنری بنے گی،بلوچستان میں بہت سارے چھوٹے ڈیم بنائے جائیں گے،بلوچستان کو سرکاری نوکریوں میں 6فیصد کوٹہ دیں گے،چھ نکاتی ایجنڈے پر معاہدہ ہو چکا ہے،پرویز خٹک نے کہا کہ 18ویں ترمیم کو ختم کئے جانے سے متعلق پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ان کو کہوں گا جھوٹ کم بولا کریں،ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ جو معاہدہ اگست ستمبر میں ہوا تھا اس پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، سردار اختر مینگل نے کہا کہ وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ لاپتہ افراد کے مسئلے کے حوالے سے آئندہ چند دنوں میں پیشرفت ہوگی، این ایف سی ایوارڈ میں کٹوتی کی کچھ افواہیں تھیں ہم نے کہا ہے کہ ہم کسی ایسے معاملے میں شریک نہیں ہوں گے،وزیر اعظم نے گارنٹی دی ہے کہ ایسی نہ کوئی نیت ہے نہ پروگرام، سردار اختر مینگل نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں ہم یقین دہانیوں پر یقین رکھتے ہیں۔

پرویز خٹک /اختر مینگل 

مزید :

صفحہ اول -