کراچی، نجی شراکت کے تحت بسیں چلانے کے منصوبے پر کام تیز

کراچی، نجی شراکت کے تحت بسیں چلانے کے منصوبے پر کام تیز

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے نجی شراکت کے تحت بسیں چلانے کے منصوبے پر کام تیز کردیاہے، پہلے مرحلے میں 200بسیں کراچی کے مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے کراچی میں 4بس ڈپونجی کمپنی کے حوالے کردیئے ہیں۔بس ڈپوکی تزئین وتعمیرمکمل ہوتے ہی کراچی میں اعلان کردہ بسیں مختلف روٹس پرچلناشروع ہوجائیں گی۔کراچی میں نجی شراکت کے تحت بس آپریشن جولائی کے آخری عشرے میں ہونے کاامکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے کراچی میں نجی شراکت سے 1000بسیں 42روٹس پر چلانے کا معاہدہ کیاہے۔معاہدے کے تحت نجی کمپنی پہلے مرحلے میں 200بسوں کے ساتھ آپریشن کاآغازکرے گی۔محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے کراچی میں 4مختلف مقامات پر قائم بس ڈپو نجی کمپنی کے حوالے کردئیے ہیں جن میں گلبائی،کورنگی،یوپی موڑ بس ڈپوبھی شامل ہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق نجی کمپنی بس ڈپوز کی تزئین وآرائش کرے گی اور بس آپریشنز کے لیے فعال کرے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے 11 مئی کو نجی کمپنی کے ساتھ کراچی میں 42روٹس پر 1000 بسیں چلانے کامعاہدہ کیاتھااورمعاہدے کے تحت نجی کمپنی کوپہلے مرحلے میں 2ماہ کے اندر200بسیں لاناہیں۔وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس قادرشاہ نے رابطہ کرنے پر کراچی میں 1000بس منصوبے کی پیشرفت سے متعلق بتایاکہ وہ روزانہ کی بنیاد پر منصوبے کے حوالے سے مانٹرنگ کررہے ہیں۔کچھ تکنیکی مسائل ہیں جس کو حل کیاجارہاہے۔اویس قادرشاہ نے کہاکہ وہ پرعزم ہیں کہ جولائی کے آخری عشرے سے بسیں آناشروع ہوجائیں گی اور بتدریج کراچی کے مختلف روٹس پر آرام دہ بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔معاہدے کی رو سے اور وزیرٹرانسپورٹ سندھ کے اعلان کی مدت 11جولائی کومکمل ہورہی ہے تاہم نجی کمپنی کو بسوں کی امپورٹ میں کچھ رکاوٹوں کاسامنا ہے اور11 جولائی تک بس آپریشن شروع ہونے کاامکان نہیں ہے۔امکان ہے کہ 25جولائی تک نجی کمپنی کراچی میں اپنا بس آپریشن شروع کردیگی۔سندھ حکومت کی خواہش ہے کہ طویل عرصے بعد کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں شروع ہونے والے منصوبے کاافتتاح پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کرایاجائے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -