ڈالر کی اُڑان آئی ایم ایف کی معاشی ٹیم کی دہشتگردی ہے،کاشف سعید شیخ

ڈالر کی اُڑان آئی ایم ایف کی معاشی ٹیم کی دہشتگردی ہے،کاشف سعید شیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے ڈالر کی قیمت میں ہوشربا اضافے اور روپے کی بے قدری پر شدید تشویش کا ا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے ڈالرکو بے لغام اور روپے پر چڑھائی،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں دوسری بار دوسوفیصد اضافے سے ملکی دفاعی اور عوامی مسائل میں اضافے کے ساتھ ملک کی جڑیں کھوکھلی ہوجائیں گی،ایک دن میں غیرملکی قرضوں میں 1450ارب روپے کا اضافہ اور روزمرہ کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے دس ماہ میں بیرونی قرضے حاصل کرنے اور ملک کو آئی ایم ایف کی معاشی دہشتگردی کے حوالے کرکے عوام کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے،آئی ایم ایف اورورلڈبنک کے نمائندے پاکستان کے نہیں بلکہ انہی کے مفادات کے محافظ ہیں ان سے پاکستان کی بھلائی کی امید رکھنا عبث ہے۔عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تب وہ کہتے تھے کہ ڈالر مہنگا ہونے سے ملکی قرضوں میں اضافہ اور مہنگائی کی سونامی آتی ہے اب وہ بتائیں کہ ان کی معاشی ٹیم کے تمام تر اقدامات کے باوجود ڈالر کو لگام کیوں نہیں ڈالا گیا، عمران خان مرغیوں اور کٹے پالنے کے علاوہ اور کوئی بھی معاشی پالیسی نہیں پیش کرسکے ہیں،اگر عوام کو مہنگائی کی سونامی میں غرق اور ملکی معاشی حالت کو آئی سی یو میں ڈالنے کا نام ”تبدیلی“ ہے تو ایسی تبدیلی سے عوام بیزاراور نئے پاکستان کی دعویدار حکومت کیخلاف سڑکوں پر آنے کیلئے تیار ہیں، جماعت اسلامی اپنے پرچم اور اپنی جدوجہد کے ذریعے موجودہ حکومت کے جھوٹے دعووں اور عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف عوامی بیداری کی تحریک جاری رکھے ہوئے ہے۔