کسان بورڈ نے آل پارٹیز کانفرنس بلا کر نئے ڈیمو کی تعمیر کا مطالبہ کر دیا 

کسان بورڈ نے آل پارٹیز کانفرنس بلا کر نئے ڈیمو کی تعمیر کا مطالبہ کر دیا 

  

لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان کسان بورڈ نے خطرناک حدتک بڑھتی ہوئی پانی کی کمی کودورکرنے کیلئے فوری طور پر آل پارٹیز کسان کانفرنس بلاکر نئے ڈیموں کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے اور کہاہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان کو بنجر ہونے سے بچانے سمیت متوقع غذائی بحران سے نجات دلانے کیلئے تمام بڑی سیاسی جمہوری قوتیں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور آل پارٹیز کسان کانفرنس طلب کر کے پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔بورڈ کے رہنماء میاں ریحان الحق نے کہا کہ انڈیاکی کھلی آبی جارحیت، سابق انڈس واٹر کمشنر کی مبینہ ملی بھگت سے پاکستان کو بنجر بنانے، کم بارشوں، نہروں میں پانی نہ ہونے، بڑے زمینداروں کی جانب سے پانی چوری، ٹیل تک پانی نہ پہنچنے کے باعث رواں سال لاکھوں ایکڑ رقبہ پر کھڑی فصل تباہ ہونے کا شدید خطرہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقتدر حلقے پانی کی کمی کے مسئلہ کو سنجیدگی سے نہ لے رہے ہیں جس سے مستقبل میں خطرناک بحران جنم لینے کااندیشہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبل ازیں ڈیزل انجنز اور ٹیوب ویلوں کے ذریعے کسی حد تک فصلات کو سیراب کیاجارہاتھا لیکن اب بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کسانوں کو کسی سہولت سے بھی محروم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر بلاجواز ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے فوری طور پر نئے ڈیمزکی تعمیر کاآغاز نہ کیاگیاتوپاکستان کو بد ترین بحران سے دنیاکی کوئی طاقت نہیں بچا سکے گی۔ انہوں نے ہزاروں ٹیوب ویلوں کی بندش کے باعث فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ واپس لینے کا بھی مطالبہ کیاہے۔

مزید :

کامرس -