” پاکستان کیلئے سب سے بڑا خطرہ وہ مولوی ہیں جو۔۔۔“ فوادچوہدری ایک مرتبہ پھر میدان میں آگئے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے سب سے بڑا خطرہ فتویٰ باز مولوی ہیں، تمام طبقہ فکر کو اس رویے کیخلاف جہاد کرنا چاہئے، بلاول بھٹو اس اسٹینڈ پر تعریف کے مستحق ہیں۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’پاکستان کیلئے سب سے بڑا خطرہ فتویٰ باز مولوی ہیں، تمام طبقہ فکر کو اس رویے کیخلاف جہاد کرنا چاہئے، ہمارے 75 فیصد مسائل کی وجہ علمائے سوࣿ ہیں۔ بلاول بھٹو اس اسٹینڈ پر تعریف کے مستحق ہیں’’۔
وہ شاہزیب خانزادہ کی اس ٹوئیٹ پر جواب دے رہے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’’آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے صحابہ کی توہین کا ذکر شامل کرنے کی تجویز پر بلاول بھٹو زرداری کی مخالفت،واضح کردیا کہ کسی کے بھی خلاف مذہب کو استعمال نہیں ہونے دوں گا،بلاول اپنے سے بڑی عمر کے سیاست دانوں میں ان سے بڑی سوچ کا مظاہرہ کر رہے ہیں‘‘۔
یاد رہے سربراہ جے یو آئی نے اے پی سی میں تجویز دی کہ عمران خان نے صحابہ کرام کی توہین کی اس کا ذکر مشترکہ اعلامیہ کا حصہ بنایا جائے جس پر بلاول زرداری نے کھل کر مخالفت کی۔ بلاول نے واضح موقف اپنایا کہ مذہب کا کارڈ کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔