یورپی یونین کی پالیسی میں تبدیلی، پاکستان کی معیشت کو ایک اور زوردار جھٹکا لگنے کا خطرہ، انتہائی تشویشناک خبر آگئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دیا گیا تھا جس کے باعث پاکستان کو تجارتی فوائد حاصل ہو رہے تھے تاہم اب یہ درجہ خطرے میں پڑھ گیا ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ایک طرف یورپی یونین نے اپنی پالیسی میں تبدیلی کی ہے اور دوسری طرف پاکستانی حکومت کی طرف سے بین الاقوامی این جی اوز پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جن کی وجہ سے یورپی یونین پاکستان سے یہ درجہ واپس پر غور کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے یہ عقدہ وا کرتے ہوئے بتایا کہ ”پاکستان میں یورپی یونین مشن کے سینئر حکام اس حوالے سے پاکستانی حکومت کو پہلے ہی متنبہ کر چکے ہیں۔ پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر پاکستان کا جی ایس پی پلس کا درجہ واپس لیے جانے کے متعلق ایک خط کے ذریعے وفاقی حکومت کو آگاہ کر چکے ہیں۔ “ اس عہدیدار نے یہ حیران کن انکشاف کیا کہ ”بھارت اور بنگلہ دیش کے ساتھ ساتھ’ ترکی‘ اور کچھ دیگر ممالک پاکستان کے خلاف لابنگ کر رہے ہیں اور یورپی یونین پر دباﺅ ڈال رہے ہیں کہ وہ پاکستان کو دیا گیا جی ایس پی پلس کا درجہ واپس لے۔ پہلے یورپی یونین ان کے دباﺅ میں نہیں آ رہی تھی لیکن بدقسمتی سے اب حالات پاکستان کے لیے سازگار نہیں رہے۔“حکومتی عہدیداری کا کہنا تھا کہ ”2013ءمیں پاکستان نے برطانیہ کی مدد سے کامیاب لابنگ کی۔ اب یورپی یونین میں برطانیہ کی وہ پوزیشن نہیں رہی اور یورپی یونین بھی اپنی توجہ وسطی ایشیاءکی طرف مرکوز کر چکی ہے۔“واضح رہے کہ یورپی یونین نے 2013ءمیں ووٹنگ کے ذریعے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دیا تھا۔ اس وقت 406ووٹ پاکستان یہ درجہ دیئے جانے کی حمایت میں جبکہ 186مخالفت میں آئے تھے۔