اب آپ کے ہوا کے اخراج کو پھولوں کی طرح خوشبودار بنانے والی گولی آگئی
پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک زبان زد عام بات ہے کہ کوئی شخص ناکردہ قتل کا اعتراف تو کر سکتا ہے لیکن اگر سرِ محفل کسی کے جسم سے ہوا کا اخراج ہو جائے تو وہ اس کا اعتراف کبھی نہیں کرتا۔ بھلے آپ اس کا اعتراف نہ کریں لیکن اپنی ذات میں اس سے جو خفت ہوتی ہے وہ چھپائے نہیں چھپتی۔ تاہم اب ایک گولی آ گئی ہے جس سے آپ اپنے جسم سے خارج ہونے والی ہوا کو پھولوں جیسا خوشبودار بنا سکتے ہیں۔ویب سائٹ ون انڈیا کے مطابق یہ گولی فرانس کے کرسچین پوئنشیول نامی65سالہ موجد نے ایجاد کی ہے اور اسے ’PilulePet‘ کا نام دیا ہے۔ کرسچین نے اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد اس گولی کی ایجاد پر کام شروع کیا۔ واقعہ یہ ہوا کہ ایک بار وہ ایک ڈنر میں شریک تھا۔ اس روز اس کے جسم سے ہوا بہت خارج ہو رہی تھی۔ چنانچہ اس بدبودار ہوا کی وجہ سے وہ ڈنر کے دوران تمام وقت شدید خفت اٹھاتا رہا۔ چنانچہ اس نے ہومیوپیتھی کی مدد سے یہ گولی بنانے کا بیڑا اٹھایا اور اب کامیاب ہو گیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس گولی میں تمام قدرتی جڑی بوٹیاں استعمال کی گئی ہیں۔ اس گولی میں خوشبو کی کئی اقسام مہیاکی گئی ہیں جو ویب سائٹ pilulepet.comپر فروخت کی جا رہی ہیں۔ آپ اپنے جسم کی بو کو جو خوشبو دینا چاہتے ہیں اسی خوشبو کی گولی خریدیں۔ویب سائٹ پر 60گولیوں کی پیکنگ کی قیمت 19.90یورو (تقریباً ساڑھے 3ہزار روپے)بتائی گئی ہے۔