ہونڈا کے بعد ٹویوٹا نے بھی گاڑیوں کی قیمتیں بڑھادیں، کس گاڑی کی قیمت میں کتنا اضافہ ہوا ؟ جانئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث آٹو انڈسٹری نے بھی اپنی پراڈکٹس کی قیمتیں بڑھادی ہیں۔ گزشتہ دنوں جاپانی کمپنی ہونڈا نے کاروں کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد جاپانی کمپنی ٹویوٹا نے بھی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ٹویوٹا کی جانب سے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کیلئے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق گاڑیوں کی قیمتوں میں 2 لاکھ 30 ہزار روپے سے 8 لاکھ 30 ہزار روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ٹویوٹا نے XLI MT کی قیمت میں 3 لاکھ 90 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 21 لاکھ 9 ہزار سے بڑھ کر 24 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ XLI AT کی قیمت میں 4 لاکھ 15 ہزار روپے ، GLI MT کی قیمت میں 3 لاکھ 85 ہزار روپے اور GLI AT کی قیمت میں 4 لاکھ 10 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹویوٹا نے سب سے کم Altis 1.8 MT کی قیمت بڑھائی ہے ۔ اس کی قیمت میں 2 لاکھ 30 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد یہ گاڑی 30 لاکھ 69 ہزار روپے سے بڑھ کر 32 لاکھ 99 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔کمپنی نے پاکستان میں Revo G MT کی قیمت میں 5 لاکھ 90 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد فارچونر 4x4 ڈیزل 8 لاکھ 30 ہزار روپے کے اضافے کے ساتھ 86 لاکھ 49 ہزار روپے کی ہوگئی ہے جبکہ فارچونر 4x2 پٹرول کی قیمت 7 لاکھ روپے اضافے کے بعد 79 لاکھ 99 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔
