بڑ ھتے جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے سزایافتہ ملزموں کی نگرانی کا فیصلہ
لاہور (کرائم رپورٹر)صوبے بھر میں بڑھتے جرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے سزا یافتہ اور اشتہاری ملزمان کی نگرانی کا فیصلہ۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے سختی سے کہا ہے کہ مجرموں کے خلاف صرف کاغذی کارروائی سے کام نہیں چلے گا اور جو عادی مجرم مسلسل منظم گروہ کی صورت میں عوام کی پریشانی کا سبب بنے ہوئے ہیں انہیں اب کیفر کردار تک پہنچانے کا وقت آگیا ہے۔ایسے سزا یافتہ اور اشتہاری مجرموں کو کڑی نگرانی میں رکھا جائے گا اور انکے جرائم کے لحاظ سے انہیں مختلف کیٹگریز میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کیٹیگریز کے مطابق ڈکیتی،اغوا،قتل اور دہشتگردی جیسے جرائم میں ملوث 5بار سزا یافتہ مجرموں کو کیٹگری Aمیں رکھا جائے گا جبکہ 3بار سزا یافتہ مجرموں کو کیٹگری B میں اور 2بار کے سزا یافتہ مجرموں کیٹگری سی میں رکھا جائے گا۔اس نظام کو باقاقدہ عمل میں لانے کے لیے آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر سے تفصیلات طلب کرلی ہیں اور پرفارمہ میں مجرمان کا شناختی کارڈ نمبر۔ایڈریس۔مقدمات کی تفصیل اور موجودہ سٹیٹس گرفتار ہے یا کسی مقدمے میں اشتہاری ہے کے مطابق پر کرکے بھجوانے کا حکم دیا ہے۔
اس سے پہلے افسران اپنی کارکردگی شوکرنے کے لیے کیٹگری تبدیل کرتے ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے طریقہ کاروضع کردیا گیا ہے تاکہ ایسے افراد کی سرکوبی بھی ہوسکے اور پولیس کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جاسکے۔