میڈیکل سٹاف فرنٹ لائن کے فائٹر،خراج تحسین کے مستحق،چودھری سرور

میڈیکل سٹاف فرنٹ لائن کے فائٹر،خراج تحسین کے مستحق،چودھری سرور

  

لاہور(جنرل رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین کو ٹیلی فون کرکے اُن کی خیریت دریافت کی جنہوں نے حال ہی میں کورونا وائرس سے صحت یابی کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ چوہدری محمد سرور نے ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین کو اچھی صحت اور دراز ی عمر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ کوورڈ 19ایک عالمی وبا ہے جس سے دنیا بھر میں کروڑوں لوگ متاثر ہوئے ہیں اور لاکھوں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے جس سے عالمی معیشت کو بھی نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب میں میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر کورونا وائرس میں مبتلا دکھی انسانیت کے علاج معالجے اور جان بچانے میں مصروف ہیں اور ہم سب اس جہاد میں مصروف افراد کو جنہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی عملے کی گراں قدر خدمات سے ہزاروں مریض کورونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں جن کا سہرا فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے سر ہے۔چوہدری محمد سرور نے طبی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیکل سٹاف فرنٹ لائن فائٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں جن کو طبی تاریخ میں سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہورجنرل ہسپتال ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا شکریہ ادا کیا۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -